0
Saturday 12 Jul 2014 21:56
فلسطین پر برسائی جانیوالی آگ خود اسرائیل پر بھی برس سکتی ہے، راجہ ظفرالحق

غزہ پر صیہونی جارحیت گریٹر اسرائیل کے ناپاک منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کی ناکام کوشش ہے، ابو علی

غزہ پر صیہونی جارحیت گریٹر اسرائیل کے ناپاک منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کی ناکام کوشش ہے، ابو علی
اسلام ٹائمز۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان اسلام آباد چیپٹر کے زیراہتمام غزہ پر جاری صیہونی جارحیت اور حملوں کے خلاف آل پارٹیز کانفرنس کا انقعاد مقامی ہوٹل میں کیا گیا، کانفرنس کا عنوان ’’زخمی زخمی قدس پکارا اب تو مسلم جاگ خدارا‘‘ رکھا گیا تھا، کانفرنس میں مہمان خصوصی پاکستان میں مقیم فلسطینی سفیر ولید ابو علی تھے جبکہ پاکستان مسلم لیگ نواز کے چیئرمین راجہ ظفر الحق، آل پاکستان مسلم لیگ کے چیف کوآرڈینیٹر احمد رضا قصوری، جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی، سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق، پاکستان عوامی تحریک کے رہنما آغا مرتضٰی پویا، ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثاقب اکبر، جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صابر کربلائی، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما مولانا اعجاز حسین بہشتی، اسلام آباد پریس کلب کے صدر شہریار، سنی اتحاد کونسل پاکستان کے رہنما جواد کاظمی، پاکستان مسلم لیگ قاف کے مرکزی سینیئر نائب صدر فقیر حسین بخاری، متحدہ علماء پاکستان کے رہنما عبد الجلیل نقشبندی سمیت نور المصطفٰی نورانی، ڈاکٹر قندیل اور دیگر نے شرکت کی اور خطاب کیا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں مقیم فلسطینی سفیر ولید ابو علی کا کہنا تھا کہ غزہ پر صیہونی جارحیت جاری ہے، اور دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، انہوں نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان میں ایسے نوجوان موجود ہیں جنہوں نے فلسطین کا پرچم بلند کر رکھا ہے، انہوں نے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے غزہ اور فلسطین پر جاری صیہونی جارحیت کے خلاف آنے والے مذمتی بیان پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ مذمتی بیانات کے ساتھ ساتھ عملی اقدامات کی شدید ضرورت ہے، ان کا کہنا تھا کہ غاصب اسرائیل فلسطینیوں کی مفاہمت پر اثر انداز ہونا چاہتا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ پورے فلسطین پا قابض ہو کر گریٹر اسرائیل کے ناپاک منصوبے کو عملی جامہ پہنانا چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ہماری فتح ہے کہ ہم نے حماس اور الفتح میں مفاہمت پیدا کردی ہے اور یہ مفاہمیت اسرائیلی وزیراعظم کو راس نہیں آئی، یہ دہشتگرد وزیراعظم سابق تمام وزاء اعظم سے بڑا دہشتگرد ہے، اس تمام صورتحال کا ذمہ دار نیتن یاہو ہے۔

کانفرنس سے خطاب میں مسلم لیگ نون کے رہنماء راجہ ظفرالحق کا کہنا تھا کہ غاصب اسرائیل اور اس کے سرپرست جان لیں جو آگ فلسطین پر برسائی جا رہی ہے وہ صیہونی اسرائیلیوں پر بھی برس سکتی ہے۔ ایک درجن سے زائد مسلم ممالک اپنے ممالک سے اسرائیلی سفیروں کو ملک بدر کریں، سفارتی تعلقات ختم کئے جائیں۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ مسلم حکمرانوں کی بے حسی اور فلسطینی مسلمانوں کی بے بسی کا یہ عالم ہے کہ اسرائیل ان کے خلاف جب چاہتا ہے، جو چاہتا ہے کر گزرتا ہے، اقوام متحدہ، سلامتی کونسل، مہذب یورپ، طاقتور عالمی اجارہ دار امریکہ سمیت اس کے غیر اعلانیہ معاون ہیں، ان کا کہنا تھا کہ مسلم حکمرانوں کے برخلاف اسرائیل کے مربی و آقا امریکہ و یورپ دھڑے اسے اسرائیل کی حمایت کر رہے یہں۔ جبکہ اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو نے بڑی دھٹائی سے تمام بین الاقوامی دباو کو مستر د کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جتنا عرصہ ضروری سمجھیں گے، غزہ پر فضائی اور زمینی حملے جاری رکھیں گے۔ اس کے معنی ہیں کہ اسرائیل نے دنیا کے ہر اخلاقی ضابطے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے، اگر کسی میں طاقت ہے تو اسے روک کر دکھائے۔

آل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما نے کہا کہ امریکہ اسرائیل کا سرپرست ہے اور غزہ پر جاری صیہونی جارحیت میں امریکہ براہ راست ملوث ہے، پاکستان کے عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے سراپا احتجاج بن جائیں۔ جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر عبد الرشید ترابی کا کہنا تھا کہ کشمیر اور فلسطین امت مسلمہ کے اہم ترین مسائل ہیں، ان سے چشم پوشی نہیں کی جاسکتی، انہوں نے مطالبہ کیا کہ دنیا بھر کے تمام مسلم ممالک متحد ہو کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لئے مشترکہ لائحہ عمل طے کریں اور مظلوم فلسطینیوں کو ناجائز صہیونی ریاست اسرائیل کے شکنجے سے آزاد کروایا جائے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صابر کربلائی نے کہا کہ ہماری جدوجہد جاری رہے گی جب تک پورا فلسطین آزاد نہیں ہوجاتا، ہم اس ظلم کی مذمت کرتے ہیں اور عالم اسلام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنے اتحاد سے اسرائیل کو سبق سکھائیں۔ پوری پاکستانی قوم مظلوم فلسطین کے ساتھ ہیں، ہمارا احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک فلسطین آزاد نہیں ہوجاتا، انہوں نے پاکستان کے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ صیہونی اور امریکی اقتصادی کمپنیوں کا بائیکاٹ کریں اور مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ہمدردی کریں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نواز کی حکومت عملی اقدام اٹھائے اور غاصب ریاست کو مجرمانہ اقدام سے روکا جائے۔ تمام ایسی کمپنیوں کا بائیکاٹ کیا جائے جو ہم سے پیسہ کما کر بم خرید کر مظلوم مسلمانوں پر خرچ کیا جا رہا ہے۔

مقررین نے کہا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کی سویلین آبادی پر مسلسل وحشیانہ بمباری سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیل فلسطینیوں کی آئندہ نسلوں کو تباہ و برباد کرنا چاہتا ہے۔ اسرائیلی بمباری نے اسکول، اسپتال، رہائشی عمارتیں، سرکاری دفاتر، عمارتیں و مساجد کو بھی شدید نقصان پہنچا کر غزہ کو ایک ملبہ کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا ہے۔ ساٹھ سالوں میں ایک لاکھ سے زائد فلسطینی اسرائیلی فوج کے ہاتھوں جام شہادت نوش کرچکے ہیں، اور تقریباً دو لاکھ فلسطینیوں کے مکانات کو مسمار کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج گریٹر اسرائیل کے ناپاک منصوبے پر عمل درآمد کے لئے مسلم ممالک کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 399079
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش