0
Friday 15 Aug 2014 11:26

باریوں کی منفی سیاست نے پاکستان تباہ کر دیا ہے، صاحبزادہ حامد رضا

باریوں کی منفی سیاست نے پاکستان تباہ کر دیا ہے، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ انقلاب کا قافلہ چل پڑا ہے۔ چوروں، لٹیروں اور قاتلوں کو اقتدار سے نکال کر دم لیں گے۔ ہم مسلح جدوجہد نہیں سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں۔ ہماری جنگ ریاست نہیں حکومت کے خلاف ہے۔ انقلاب کے راستے میں حائل ہر قوت کو پاش پاش کر دیں گے۔ عدالتیں خود کو سیاسی معاملات سے دور رکھیں۔ انقلاب مارچ اپنے مقاصد میں ضرور کامیاب ہو گا۔ نظام کی تبدیلی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انقلاب مارچ کے دوران ’’اسلام ٹائمز‘‘ سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سنی اتحاد کونسل کے ہزاروں کارکنان کا قافلہ صاحبزادہ حامد رضا کی قیادت میں انقلاب مارچ میں شریک ہوا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ انقلاب کے متوالے پرامن اور پرعزم ہیں۔ وزیراعظم کی جائیداد اور اولاد ملک سے باہر ہیں۔ طاہرالقادری کی دہری شہریت پر تنقید سے پہلے نوازشریف اپنی جائیداد اور اولاد کو پاکستان لائیں۔ جنرل ضیاء کی گود میں پروان چڑھنے والوں کو جمہوریت کی باتیں زیب نہیں دیتیں۔

انہوں نے کہا کہ جنرل مشرف کے سارے قریبی ساتھی آج نوازشریف کی کابینہ کا حصہ ہیں۔ اقتدار میں آ کر ہمیشہ شریف خاندان کے اثاثوں میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ باریوں کی منفی سیاست نے پاکستان تباہ کر دیا ہے۔ فراڈ جمہوریت عوام کے دکھوں کا مداوا نہیں کر سکتی۔ یومِ آزادی پر پوری قوم کو گھروں میں قید کرنے والے حکمران قائداعظم کے جانشیں نہیں ہو سکتے۔ یومِ آزادی پر دفعہ 144 کے نفاذ سے قوم کے سر شرم سے جھک گئے ہیں۔ شریف برادران سیاسی مخالفین کو برداشت کرنے کا حوصلہ نہیں رکھتے۔ پنجاب حکومت سیاسی مخالفین کے خلاف ریاستی مشینری کا بدترین استعمال کر رہی ہے۔ حکومت منہ کے بل گرنے والی ہے۔ کنٹینروں میں گھری جعلی جمہوریت بے نقاب ہو چکی ہے۔ شریف برادران کے کاسہ لیس اپنی بدزبانی کے ذریعے اشتعال انگیزی میں اضافہ کر رہے ہیں۔ کنٹینروں کی دیوار برلن انقلاب کا راستہ نہیں روک سکتی۔ ن لیگ کے اقتدار کی کشتی میں سوراخ ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور حکمت میں فاصلے بڑھتے جا رہے ہیں۔ ظالم اور حاکم ہم معنی ہو چکے ہیں۔ پابندیاں، دھمکیاں اور رکاوٹیں ہمارا راستہ نہیں روک سکتیں۔ حکمران غیرجمہوری رویہ اختیار کر کے ملک کے اعتبار اور وقار کو دباؤ پر نہ لگائیں۔ ہماری جدوجہد عوام کے چھینے ہوئے حقوق واپس لینے کے لیے ہے۔ ہم پورے آئین پر عمل چاہتے ہیں جبکہ حکمران آئین کی من پسند شکوں پر عمل کرتے ہیں۔ حکومتی کنٹینرز پالیسی ناکام ہو گئی ہے۔ پرامن عوامی جمہوری انقلاب کی منزل قریب ہے۔
خبر کا کوڈ : 404870
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

مربوطہ فائل
ہماری پیشکش