0
Friday 19 Sep 2014 20:27
کسی باطل قوت کے آگے سر نہیں جھکائیں گے

سندھ میں نئے انتظامی یونٹ کی مخالفت انتہائی قابل مذمت اور نفرت انگیز ہے، الطاف حسین

ایم کیو ایم کو دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کر سکتی
سندھ میں نئے انتظامی یونٹ کی مخالفت انتہائی قابل مذمت اور نفرت انگیز ہے، الطاف حسین
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے ملک میں انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ترین ضرورت ہے جبکہ سندھ میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی مخالفت کرنا انتہائی قابل مذمت ہے۔ کراچی اور سندھ کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے طلباء، اساتذہ اور دیگر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیو ایم مظلوم عوام کے آئینی، قانونی اور جمہوری حقوق کی جدوجہد میں کسی بھی قسم کی سودے بازی نہیں کرے گی اور میں آخری دم تک اردو بولنے والوں کے ساتھ ساتھ ملک بھر کے مظلوموں کے حقوق کی جدوجہد کرتا رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ قومی یکجہتی، اتحاد و محبت، بھائی چارے، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کا درس دیا ہے اور میری دلی خواہش ہے کہ پاکستان سے دو فیصد مراعات یافتہ طبقے کی حکمرانی کا خاتمہ ہو اور ملک بھر میں 98 فیصد غریب و متوسط طبقہ کی حکمرانی قائم ہو۔

الطاف حسین نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے ملک میں انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، جو عناصر ملک کے دیگر حصوں میں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کر رہے ہیں لیکن صوبہ سندھ میں کسی بھی قسم کی تقسیم یا نتظامی بنیادوں پر یونٹس بنانے کی مخالفت کر رہے ہیں وہ یقیناً نفرت انگیز اور دو عملی ہے، اگر ملک بھر میں نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کا قیام عمل میں لایا جا سکتا ہے تو یہ عمل صوبہ سندھ میں کیوں نہیں کیا جا سکتا تاہم سندھ میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی مخالفت کرنا انتہائی قابل مذمت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے اجداد نے پاکستان کے قیام کیلئے لاکھوں جانوں کے نذرانے پیش کئے ہم اس آزاد وطن میں نہ تو کسی کے آقا بننا چاہتے ہیں اور نہ ہی ہمیں جاگیرداروں اور وڈیروں کا غلام بننا قبول ہے۔

ایم کیو ایم کے قائد کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی یہ حق حاصل نہیں ہے کہ وہ کسی طبقہ آبادی کی بے عزتی کرے یا اسے اپنا غلام تصور کرے، اگر کوئی ایسا کرتا ہے تو مظلوم عوام کو آئینی، قانونی اور جمہوری حق حاصل ہے کہ وہ اپنی عزت، وقار اور حقوق کیلئے اتحاد و یکجہتی کامظاہرہ کرے اور منظم ہو کر جدوجہد کرے۔ الطاف حسین نے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیموں اور نام نہاد جمہوریت پسند جماعتوں کو سندھ کے شہری علاقوں کے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم اور ان کے حقوق غصب کرنے کا عمل دکھائی نہیں دیتا، ملک میں جاگیرداروں اور وڈیروں نے اپنی ذاتی جیلیں اور عقوبت خانے بنا رکھے ہیں جن کے خلاف کسی بھی جانب سے مذمت نہیں کی جاتی۔ الطاف حسین نے کہا کہ ماضی میں ریاستی طاقت کا ناجائز استعمال کرکے ایم کیو ایم کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی کوشش کی گئی لیکن ایم کیو ایم کو دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کر سکتی۔ الطاف حسین نے کہا کہ ہم محروم و مظلوم عوام کے حقوق کیلئے پرامن جمہوری جدوجہد کر رہے ہیں، ہم اپنی جانیں قربان کر دیں گے لیکن کسی باطل قوت کے آگے سر نہیں جھکائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 410522
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش