0
Thursday 9 Oct 2014 21:37
سب کچھ وزیراعظم نواز شریف کے کہنے پر ہو رہا ہے، شیخ رشید

ملتان، لیگی کارکنوں کا شیخ رشید کیخلاف مظاہرہ، ہوٹل پر پتھرائو

گلو بٹ کا کلچر مسلم لیگ (ن) کی سیاست بن چکی ہے، شیریں مزاری
ملتان، لیگی کارکنوں کا شیخ رشید کیخلاف مظاہرہ، ہوٹل پر پتھرائو
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے شام 5 بجے ملتان پریس کلب میں ایک اہم پریس کانفرنس کیلئے آنا تھا لیکن مسلم لیگ (ن) کے مشتعل مظاہرین کے باعث وہ ہوٹل میں محصور ہو کر رہ گئے۔ مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے ہوٹل کا محاصرہ کرکے شیخ رشید کیخلاف بھرپور نعرہ بازی کی۔ حالات کی نزاکت کے پیش نظر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ چکی ہے۔ ذرائع کے مطابق مشتعل مظاہرین نے ہوٹل میں داخل ہونے کی بھی کوشش کی لیکن پولیس اور ہوٹل کے گارڈز نے انھیں اندر داخل ہونے سے روک دیا جس کے بعد غصے سے بپھرے ہوئے مظاہرین نے ہوٹل پر پتھرائو شروع کردیا اور گندے انڈے بھی پھینکے۔ صورتحال کے پیش نظر شیخ رشید نے اپنی پریس کانفرنس منسوخ کر دی ہے۔ دنیا نیوز سے گفتگو میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں پریس کانفرنس میں انتظامی تبدیلیوں کے حوالے سے بات کرنا چاہتا تھا لیکن مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کو میرے ملتان آنے کی تکلیف ہے۔ صورتحال کے پیش نظر میں نے اپنی پریس کانفرنس موخر کر دی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس غنڈوں کی سرپرستی اور قیادت کر رہی ہے، سب کچھ وزیراعظم نواز شریف کے کہنے پر ہو رہا ہے۔ صورتحال کی اطلاع ملنے پر تحریک انصاف کے کارکن بڑی تعداد میں ہوٹل کے باہر جمع ہو گئے۔ جس کے بعد ان کی لیگی کارکنوں کیساتھ تلخ کلامی بھی ہوئی دونوں جانب سے ایک دوسرے کیخلاف شدید نعرہ بازی بھی کی گئی، تاہم پی ٹی آئی کارکنوں کی آمد کے بعد (ن) لیگی کارکن وہاں سے چلے گئے۔ پولیس صورتحال کو کنٹرول کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ تحریک انصاف کی رہنماء شیریں مزاری کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ گلو بٹ کا کلچر مسلم لیگ (ن) کی سیاست بن چکی ہے۔ لیگی کارکن غنڈہ گردی پر اتر آئے ہیں۔ ہم لڑائی جھگڑا نہیں چاہتے لیکن حکومت ہمیں تصادم پر مجبور کر رہی ہے۔ پریس کانفرنس کرنا شیخ رشید کا حق تھا جس سے انھیں محروم کیا جا رہا ہے۔ پولیس کو صورتحال کو کنٹرول کرنا چاہیئے اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کو روکنا چاہیئے۔

دیگر ذرائع کے مطابق ملتان میں شیخ رشید کی پریس کانفرنس سے پہلے نون لیگ کے کارکنوں نے ہوٹل کا گھیراؤ کرلیا اور پتھراؤ کیا جبکہ اس موقع پر انہوں نے گو عمران گو کے نعرے بھی لگائے۔ شیخ رشید نے اپنی پریس کانفرنس ملتوی کردی۔ کچھ دیر میں تحریک انصاف کے کارکن بھی موقع پر پہنچے، آمنا سامنا اور نعروں کا تبادلہ ہونے کے بعد دونوں پارٹیوں کے کارکنان منتشر ہوگئے۔ بعد میں تحریک انصاف کے کارکن شیخ رشید کوپ ریس کانفرنس کےلیے پریس کلب لے آئے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پولیس لیگی کارکنوں کو اپنے ہمراہ لائی تھی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جھٹکا ہونے کے قریب ہے، وزیراعظم جہاں جائیں گے "گو نواز گو" کا نعرہ ان کا پیچھا کرے گا۔ عمران خان کل ملتان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کریں گے۔

دوسری جانب نون لیگ کے رہنما بلال بٹ کا کہنا ہے کہ مظاہرہ کرنے والے نون لیگ کے کارکن نہیں تھے، احتجاج کرنے کا حق سب کو ہے، شیخ رشید کو برداشت کرنا چاہیئے۔ ملتان میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید جس ہوٹل میں قیام پذیر تھے وہاں مسلم لیگ نواز کے کارکنوں نے گندے انڈوں سے حملہ کردیا، ہوٹل پر خالی بوتلیں اور جوتے پھینکے گئے۔ ہوٹل کے باہر لگے شیخ رشید کے پوسٹر بھی پھاڑ دیئے گئے۔ ملتان میں عوامی لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے آج شام 5 بجے پریس کلب میں پریس کانفرنس کرنا تھی لیکن ساڑھے 4 بجے لیگی کارکنوں نے چوک نواں شہر میں گو عمران گو ریلی نکالی۔ شرکاء مقامی ہوٹل کے سامنے پہنچے جہاں شیخ رشید ٹھہرے ہوئے تھے۔ کارکن ہوٹل کے اندر داخل ہو گئے اور شیشے کے دوسری جانب بیٹھے ہوئے شیخ رشید پر گندے انڈے، جوتیاں اور خالی بوتلیں برسا دیں۔ حالات کو کشیدہ دیکھ کر ہوٹل انتظامیہ نے شیخ رشید کو ان کے کمرے میں جانے کو کہا اور ہوٹل کے داخلی راستے بند کروا دیئے گئے۔ اس موقع پر لیگی کارکنوں نے گو عمران گو اور شیخ رشید کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔
ملتان پریس کلب کے سامنے لیگی کارکنوں کے ''گو عمران گو'' اور ''گو شیخ گو'' کے نعرے، تحریک انصاف، عمران خان اور شیخ رشید کے پوسٹر پھاڑ دیے, ہوٹل پر پتھرائو, گندے انڈے پھینکے, شیخ رشید محصور ہو کر رہ گئے۔

خبر کا کوڈ : 413880
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش