0
Monday 27 Oct 2014 12:41

کراچی، پولیس مقابلے میں 9 طالبان دہشتگرد ہلاک، طالبان سندھ کے امیر کی گرفتاری کیلئے چھاپے

کراچی، پولیس مقابلے میں 9 طالبان دہشتگرد ہلاک، طالبان سندھ کے امیر کی گرفتاری کیلئے چھاپے
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے علاقے رزاق آباد میں پولیس مقابلے کے دوران فرار ہونے والے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سندھ کے امیر کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔ پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ روز نیشنل ہائی وے پر رزاق آباد پولیس ٹریننگ اسکول کے قریب مقابلے میں نو دہشت گرد مارے گئے، جب کہ مقابلے کے دوران کالعدم تحریک طالبان کا اہم دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق فرار دہشتگرد ارشد اللہ تحریک طالبان پاکستان سندھ کا امیر ہے، دہشت گرد کی گرفتاری کیلئے بلدیہ ٹاؤن اور کیماڑی کے علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ارشد اللہ رکشے میں دھماکا خیز مواد نصب کرنے کا ماہر ہے، دہشت گرد ارشد اللہ کی گرفتاری کیلئے چھاپے گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر مارے گئے۔ 

گزشتہ روز نیشنل ہائی وے پر محمد خان گوٹھ میں دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان مقابلے میں کالعدم تنظیم کے نو دہشت گرد مارے گئے، ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے جدید ترین اسلحہ، گولا بارود کا ڈھیر اور خود کش جیکٹس بھی برآمد ہوئیں۔ ایس ایس پی ملیر کے مطابق نیشنل ہائی وے پر محمد خان گوٹھ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 9 دہشت گرد ہلاک اپنے انجام کو پہنچ گئے۔ ایس ایس پی ملیر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکا خیزمواد اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے، جب کہ ان کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔ کارروائی کے دوران 2 دہشت گردوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گرد شہر میں محرم الحرام کے دوران تخریب کاری کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بارود سے بھرا رکشا بھی برآمد کیا گیا، ملزمان شہر میں متعدد تخریب کاری اور ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ملزمان کافی عرصے سے کراچی پولیس کو مطلوب تھے۔ ایس ایس پی راؤ انوار کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے قبضے سے گزشتہ دنوں قائد آباد میں پولیس اہلکاروں سے چھینا گیا سرکاری اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 416679
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش