0
Saturday 1 Nov 2014 23:22

صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی پولیو مہم کی خود نگرانی کریں، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی پولیو مہم کی خود نگرانی کریں، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ پولیو سے اپنے بچوں کو محفوظ رکھنے کیلئے صوبائی وزراء اور اراکین صوبائی اسمبلی انسداد پولیو مہم کی نگرانی کریں اور عوام کو اس موذی مرض سے متعلق آگاہی فراہم کریں۔ والدین کو قائل کریں کہ انکار کی صورت میں انکے بچے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے معذور ہو سکتے ہیں۔ پولیو ہمارے بچوں کو مستقل طور پر اپاہچ بنا رہا ہے۔ اس لیے پولیو سے بچوں کو محفوظ رکھنا عظیم جہاد اور قوم و انسانیت کی بہت بڑی خدمت ہے۔ سوائے چند ممالک کے دنیا سے پولیو کا خاتمہ ہو گیا ہے۔ اس موذی مرض سے ایک جانب ہمارے بچے معذوری کا شکار ہو رہے ہیں، تو دوسری جانب ہم پر بین الاقوامی سفر پر پابندیاں لگنے کا بھی خدشہ ہے۔ ملک سے پولیو کا خاتمہ نہ ہونا پوری دنیا کے لیے باعث تشویش بنا ہوا ہے۔ بچوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرام کو بھی مزید موثر بنایا جائے۔ محکمہ صحت میں خراب کارکردگی اور نتائج نہ دینے والے افسران اور ڈاکٹروں کے خلاف کاروائی کیجائے گی۔ ہمارے لیے افراد نہیں بلکہ مقاصد اور عوام کی خدمت اہمیت رکھتی ہے۔ وزیراعلٰی نے سیکرٹری صحت کو ہدایت کی کہ سول ہسپتال اور بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال سمیت کوئٹہ کے تمام ہسپتالوں کی کارکردگی کا مسلسل جائزہ لیا جائے۔ ان ہسپتالوں کی حالت زار اور عوام کو صحت کی بہتر سہولتوں کی فراہمی کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔ سیکرٹری صحت سے بلوچستان کے سرکاری ہسپتالوں کو ایک ارب روپے کے آلات کی فراہمی کی تفصیلات طلب کیں اور انہیں ہدایت کی کہ ذرائع ابلاغ کے ذریعے ان ہسپتالوں کو فراہم کردہ ادویات اور آلات کی فراہمی کے بارے میں عوام کو آگاہ کیا جائے تاکہ لوگ ان سہولیات سے استفادہ کریں۔
خبر کا کوڈ : 417622
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش