0
Monday 10 Nov 2014 00:07

داعش طالبان سے بڑا خطرہ ہو سکتی ہے، پیر اعجاز ہاشمی

دنیا بھر میں انتہاپسندی اور دہشت گردی کے بیج بونے والا امریکہ ہے
داعش طالبان سے بڑا خطرہ ہو سکتی ہے، پیر اعجاز ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے پاکستان پر دہشت گردوں کی سرپرستی کے امریکی الزامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے دنیا بھر میں بیج بونے والا امریکہ ہی ہے۔ لاہور میں کابینہ ارکان سے گفتگو کرتے ہوے پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ پینٹا گون کی حالیہ رپورٹ میں پاکستان پر افغانستان اور ہندوستان میں دہشت گردی کا الزام قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران بھی قوم کے سامنے وضاحت کریں کہ انہیں امریکہ کے سامنے گھٹنے ٹیکنے کا کتنا فائدہ ہوا اور قومی مفادات کا کتنے میں سودا کیا؟ ان کا کہنا تھا کہ خارجہ پالیسی کو عوامی امنگوں کا ترجمان بنانے کے لئے سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی جائے اور امریکی دھمکیوں کا نوٹس لیا جائے۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ انتہا پسندی، دہشت گردی اور نجی لشکروں کے تانے بانے جہاد افغانستان سے جا ملتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو جہادی کلچر بنا اس نے طالبان جیسے تباہ کن جتھوں کو پروان چڑھایا اور اب داعش کی موجودگی کی اطلاعات مل رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ داعش دہشت گرد گروہ نے انبیا کرام علیہم السلام کے مزارات مقدسہ کو منہدم کر کے مسلمانوں کے دل مجروح کئے ہیں، انہیں کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، حکومت داعش کی موجودگی کی تردید کرنے کی بجائے اس کے تدارک کی تدبیر کرے ورنہ یہ طالبان سے بڑا خطرہ ہو سکتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 418769
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش