0
Sunday 7 Dec 2014 20:20

سردار رضا کی تعیناتی پر کوئی اعتراض نہیں لیکن نیا الیکشن کمیشن تشکیل دیا جائے، عمران خان

سردار رضا کی تعیناتی پر کوئی اعتراض نہیں لیکن نیا الیکشن کمیشن تشکیل دیا جائے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ جسٹس سردار رضا کی شہرت اچھی ہے، ان کی تعیناتی پر کوئی اعتراض نہیں، کہتے ہیں فیصل آباد کے تاجروں کو احتجاج کیلئے مجبور نہیں کرتا، اگر تاجر سمجھتے ہیں کہ ملک ٹھیک چل رہا ہے تو دکانیں کھلی رکھیں۔ اسلام آباد میں جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے سابق ارکان قومی اسمبلی سیف الدین کھوسہ، بہادر خان سہڑ اور نیاز محمد خان کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جسٹس سردار رضا کی شہرت اچھی ہے ان کی تعیناتی پر کوئی اعتراض نہیں تاہم الیکشن کمیشن کے چاروں ارکان کو مستعفی ہونا چاہیے۔ کپتان کا کہنا تھا کہ فیصل آباد کے عوام سے معذرت کرتا ہوں، لوگوں کو مشکلات میں نہیں ڈالنا چاہتا، فیصل آباد کے تاجر سمجھتے ہیں کہ ملک ٹھیک چل رہا ہے تو دکانیں کھلی رکھیں، شہر بند کرانے کیلئے گولیاں چلانا ضروری نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ دھاندلی کی تحقیقات کی جائیں، حکومت چاہے تو ایک ہفتہ میں کمیشن بن سکتا ہے، اگر ابھی نظام ٹھیک نہیں ہوا تو اگلی مرتبہ بھی دھاندلی ہوگی، حکومت پر دباؤ اس لیے بڑھا رہے ہیں کہ مطالبات مان لیے جائیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں پہلے آمریت تھی پھر دونوں سیاسی جماعتوں نے مک مکا کرلیا، دونوں سیاسی جماعتوں نے ملک کو لوٹا ہے، کرپشن کے معاملات پر دونوں جماعتوں کے درمیان نوراکشتی چلتی رہی، کپتان نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف کے دباؤ کے باعث کرپشن کم ہوئی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ تیل کی قیمیتں عالمی مارکیٹ میں کم ہوئی ہیں لیکن بجلی کی قیمت کم نہیں کی گئی، تحریک انصاف کے دباؤ کے باعث تیل کی قیمتیں کم کی گئی ہیں، سربراہ تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف سے کہا ہےکہ اگست کے بعد ملک میں ترقی ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ پہلے پاکستان کا ہر فرد پینتیس ہزار کا مقروض تھا، اب نوے ہزار کا مقروض ہوچکا ہے، معلوم نہیں ملک ترقی کیسے کر رہا ہے۔ عمران خان نے دعویٰ کیا کہ نون لیگ سمیت دیگر جماعتوں کے بڑے لوگ تحریک انصاف میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت انتخابی دھاندلی کیلئے جوڈیشل کمیشن تشکیل دے، مذاکرات کرنے ہیں یا نہیں، حکومت ذہین واضح کرے، ایک وزیر مذاکرات کے حق میں اور دوسرا مخالف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کیلئے اسحاق ڈار فون کریں اور بتائیں کہ کہاں مذاکرات کرنے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 424034
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش