0
Monday 8 Dec 2014 15:06

حکمرانوں کے خلاف فیصل آباد میں ایف آئی آر درج کراؤں گا ، عمران خان

حکمرانوں کے خلاف فیصل آباد میں ایف آئی آر درج کراؤں گا ، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی ذمہ دار حکومت ہے اور فیصل آباد پہنچ کر حکمرانوں کے خلاف ایف آئی آر درج کراؤں گا۔ بنی گالہ سے فیصل آباد روانگی سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہئے کہ پرامن احتجاج سارے پاکستانیوں کا حق ہے اور اسے تحفظ دینا ریاست کا فرض ہے لیکن فیصل آباد میں شریف خاندان نے اپنے گلو بٹوں کے ذریعے تشدد کا کھیل کھیلا، تشدد کا راستہ اختیار کرنا شریف خاندان کا پرانا کھیل ہے جبکہ اس سے پہلے ماڈل ٹاؤن میں بھی اسی قسم کا کھیل کھیلا جاچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی غلطی کرتے تو پولیس کا کام روکنے کا تھا گلو بٹوں کا نہیں، (ن) لیگ کے گلو بٹ تیاری کے ساتھ آئے اور ان میں سے ایک شخص مظاہرین پر گولیاں برساتا رہا اور پولیس صرف اسے دیکھتی رہی جب کہ رانا ثنااللہ پہلے ہی کہہ چکے تھے کہ احتجاج کرنے والوں کو دیکھ لیں گے۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا شریف خاندان نے پنجاب میں پولیس اسٹیٹ بنا رکھی ہے اور اگر لاہور میں طاقت کا مظاہرہ کیا گیا تو اس کا مقابلہ کر کے دکھاؤں گا، ہمارا جرم یہ ہے کہ ہم انصاف مانگ رہے ہیں جب کہ حکومت جائز مطالبات ماننے کے بجائے اپنی طاقت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے نواز شریف کے کہنے پر 30 نومبر کو پشاور میں ہمارے قافلے کو روکا گیا لیکن ہم نے ان پر پولیس کا استعمال نہیں کیا، کیوں کہ ہم جمہوری لوگ ہیں اس لئے ہم نے تشدد کے بجائے امن کا راستہ اختیار کیا اور قافلے راستہ بدل کر اسلام آباد پہنچے تاہم شریف فیملی ہمیشہ سے ہی طاقت کا بے دریغ استعمال کرتی رہی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ خوش آئند ہے اور جلد سچ سامنے آجائے گا، انصاف لینے کے لئے ہمیں ڈیڑھ برس لگ گیا لیکن تھیلیوں میں پڑے ثبوت جلد عوام کے سامنے آجائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 424215
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش