0
Monday 19 Jan 2015 17:30

داعش پاکستان اور افغانستان میں دہشتگرد بھرتی کر رہی ہے، امریکی جنرل کا دعویٰ

داعش پاکستان اور افغانستان میں دہشتگرد بھرتی کر رہی ہے، امریکی جنرل کا دعویٰ
اسلام ٹائمز۔ افغانستان میں امریکی فوج کے کمانڈر جنرل جان کیمبل نے خبردار کیا ہے کہ داعش پاکستان اور افغانستان میں دہشت گرد بھرتی کر رہی ہے۔ گذشتہ ہفتے داعش نے بھی پاکستانی جنگجوؤں کی وڈیو جاری کی تھی، تاہم حکام نے ملک میں داعش کی موجودگی سے انکار کیا ہے۔ عراق اور شام میں اپنی سفاک کارروائیوں سے دنیا پر دہشت بٹھانے والی داعش کیا پاکستان میں بھی داغ بیل ڈالنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ گذشتہ ماہ کئی شہروں میں وال چاکنگ اور اس پر حکام کی تردید کے بعد اب افغانستان میں امریکی کمانڈر نے ان خدشات کا اظہار کیا ہے۔ جنرل جان کیمبل نے کہا ہے کہ ان کے پاس ایسی اطلاعات ہیں کہ داعش پاکستان اور افغانستان میں بھرتیاں کر رہی ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کی ایک رپورٹ میں حکومت کی طرف سے گذشتہ ماہ حکام کو بھیجے گئے خط کا حوالہ دیا گیا ہے، جس میں داعش کے جنگجوؤں کو ترغیب کی اطلاع دی گئی ہے جبکہ اس خط میں خیبر پختونخوا اور قبائلی علاقوں میں انتہا پسندوں کا 12 ہزار افراد کی شمولیت کا دعویٰ بھی شامل ہے۔

داعش کا پراپیگنڈا کرنے والے سوشل نیٹ ورک اکاؤنٹس سے گذشتہ ہفتے کالعدم تحریک طالبان کے سابق ترجمان شاہد اللہ شاہد کی وڈیو جاری کی گئی تھی، پس منظر میں داعش کے جھنڈے کے ساتھ شاہد اللہ شاہد اور دیگر جنگجو داعش کی اطاعت کا اعلان کر رہے ہیں۔ اسی وڈیو میں ایک شخص کا سر قلم کرتے بھی دکھایا گیا۔ نامعلوم مقام سے جاری کی گئی اس وڈیو سے ہٹ کر شہری علاقوں میں بھی داعش کے حامی سامنے آئے ہیں۔ دسمبر میں اسلام آباد کے مدرسے سے منسوب طالبات کی وڈیو انٹرنیٹ پر جاری کی گئی، جبکہ کراچی سے انٹرنیٹ پر داعش کا پراپیگنڈہ کرنے والے دو جوانوں کو حراست میں لیا گیا۔ سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کے پاس بھی گرفتاریوں سے متعلق معلومات ہیں۔ امریکی خبر ایجنسی کے مطابق چند دنوں پہلے پاکستان میں امریکی محکمہ خارجہ کے ایک اعلٰی افسر نے نام خفیہ رکھنے کی شرط پر بتایا کہ پاک افغان حکام نے امریکی عہدیداروں سے ملاقات میں داعش کے قدم جمانے کی کوششوں پر تشویش سے آگاہ کیا ہے، تاہم پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ داعش کا پاکستان میں وجود نہیں، مقامی عسکریت پسند اس تنظیم کا نام استعمال کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 433711
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش