0
Wednesday 6 May 2009 08:46

صوفی محمد شریعت،آئین کے باغی ہیں،سزا دی جائے،حکومت اپنی رٹ قائم کرے ،استحکام پاکستان کنونشن

صوفی محمد شریعت،آئین کے باغی ہیں،سزا دی جائے،حکومت اپنی رٹ قائم کرے ،استحکام پاکستان کنونشن
 راولپنڈی : اہل سنت جماعتوں نے تحریک نفاذ شریعت محمدی کے سربراہ مولانا صوفی محمد کو شریعت اور آئین کا باغی قرار دیتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ شدت پسندوں اور دہشت گردوں سے مرعوب ہوئے بغیر پورے ملک میں اپنی رٹ قائم کرے۔راولپنڈی میں منعقدہ اہل سنت جماعتوں کے "استحکام پاکستان کنونشن" کے اختتام پر جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ شریعت کے نام پر پاکستانی مسلمانوں کا قتل،مزارات کا انہدام اور علماء کی بے حرمتی شدید قابل مذمت ہیں۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ تمام اہلسنت جماعتوں کی قیادت مستعفی ہو کر ایک مرکزی قیادت میں اکٹھی ہو جائے۔ اعلامیہ میں مطالبہ کیا گیا کہ فوج،سپریم کورٹ اور پارلیمنٹ،آئین کے تحفظ اور تقدس کی ذمہ داری پوری کریں۔ قبل ازیں کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے علماء کرام کا کہنا تھا کہ صوفی محمد شریعت کے باغی اور آئین کے غدار ہیں ان کو سزا دی جائے اور ان کو ہیرو بنا کر پیش نہ کیا جائے۔ علما نے اپیل کی کہ تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد اختلافات بھلا کر ملک کو بچانے کی کوشش کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ سوات کے حالات پر جماعت اہلسنت کی جانب سے متفقہ موقف سامنے آنا چاہئے اور تمام جماعتیں متفقہ طور پر پاکستان بچائو کنونشن منعقد کریں۔ کنونشن میں اہل سنت کی تمام سیاسی اور مذہبی تنظیموں کی طرف سے اعلان کیا گیا کہ علماء و مشائخ اہلسنت قیام پاکستان کی طرح پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لئے بڑی سے بڑی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ کنونشن نے مالاکنڈ ڈویژن میں صوفی محمد کے اقدامات کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ بندوق کے زور پر نفاذ شریعت کا اعلان قابل قبول نہیں۔ صدر وزیراعظم اور مسلح افواج ملکی آئین کی پاسداری کرائیں۔ اسلام میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں پورے ملک میں نظام مصطفیٰ ص نافذ کیا جائے،کنونشن کی صدارت مولانا پیر محمد عتیق الرحمان نے کی اور آزادکشمیر کے سابق وزیراعظم سردار محمد عبدالقیوم خان،علامہ سید عرفان حسین مشہدی،مفتی منیب الرحمان،ڈاکٹر محمد سرفراز نعیمی،ثروت اعجاز قادری،قاری زوار بہادر،پیر سید محمد محفوظ مشہدی،محمد حنیف طیب،مفتی محمد اقبال نعیمی،پیر سید عظمت علی شاہ نے خطاب کیا۔ مولانا پیر محمد عتیق الرحمان نے کہا کہ ہم جہاد کشمیر کو غیر اسلامی قرار دینے والوں کو مسترد کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف کسی فتنے کو نہیں اٹھنے دیں گے اور ان کا بھرپور مقابلہ کریں گے جہاد کشمیر کو غیر اسلامی قرار دینے والے انگریز کے ایجنٹ ہیں۔ سردار قیوم نے کہا کہ امریکہ عراق جیسا ڈرامہ یہاں دہرانا چاہتا ہے اس کی طرف سے پاکستانی فوج کی حمایت خطرناک بات ہے عرفان مشہدی نے کہا کہ ہم پورے ملک میں نظام مصطفیٰ ص کا نفاذ چاہتے ہیں۔ مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ صدر وزیراعظم اور پارلیمنٹ جواب دیں کہ نظام عدل کا مسودہ پون گھنٹہ میں پڑھے بغیر پارلیمنٹ سے کیسے منظور کر لیا گیا سرفراز نعیمی نے کہا کہ مالاکنڈ ڈویژن میں اہلسنت مظلوم ہیں،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ صوفی محمد شریعت اور آئین کے منافی کام کر رہے ہیں، حنیف طیب نے کہا کہ اہلسنت کا تھنک ٹینک قائم کیا جائے، محفوظ مشہدی نے کہا کہ ہم دہشت گردوں کی گولیاں اپنے سینے پر ٹھنڈی کریں گے۔


خبر کا کوڈ : 4353
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش