0
Friday 30 Jan 2015 16:15

پروفیسر شکیل اوج قتل کیس میں ایم کیو ایم کے مبینہ کارکن منصور کا جسمانی ریمانڈ

پروفیسر شکیل اوج قتل کیس میں ایم کیو ایم کے مبینہ کارکن منصور کا جسمانی ریمانڈ
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پروفیسر شکیل اوج کے قتل میں ملوث ملزم ایم کیو ایم کے مبینہ کارکن محمد منصور کو 12دسمبر تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیدیا۔ جمعرات کو ڈی ایس پی ناصر لودھی ملزم منصور کو پولیس کی بھاری نفری اور سخت پہرے میں چہرے پر کپڑا ڈال کر عدالت لائے تھے، پولیس نے دوران سماعت عدالت کو بتایا کہ ملزم منصور نے ابتدائی تحقیقات کے دوران قتل کی متعدد واردات اور مفرور ساتھیوں کے ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے، نشاندہی پر مفرور ملزمان فہیم، احتشام و دیگر کو گرفتار کرنا ہے۔ پولیس نے 14 یوم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی، جسے فاضل عدالت نے منظور کرتے ہوئے ملزم کو پولیس کی تحویل میں دیدیا۔ ملزمان کے خلاف تھانہ عزیز بھٹی میں مقدمہ درج ہے۔ واضح رہے کہ دو روز قبل بدھ کو کراچی پولیس چیف غلام قادر تھیبو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ پروفیسر شکیل اوج اور پروفیسر سید سبط جعفری زیدی کے قاتلوں میں سے ایک منصور گرفتار کر لیا ہے، جو اپنا تعلق متحدہ قومی موومنٹ سے بتاتا ہے۔

دریں اثنا مقامی فیکٹری کے منیجر کے قتل میں ملوث شریک ملزم احمد حسن کو پولیس نے گرفتار کرکے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا تھا، فاضل عدالت نے شریک ملزم کو بھی جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیدیا ہے، پولیس نے گرفتار ملزم خالد انیس کی نشاندہی پر ملزم کو گرفتار کیا تھا، ملزمان کے خلاف تھانہ گبول ٹائون میں مقتول سلیم الدین کے قتل کا مقدمہ مدعی ریحان نسیم کی مدعیت میں درج ہے۔ علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جوڈیشل کمپلیکس طارق احمد کھوسو نے دستی بم اور اسلحہ رکھنے کے الزام میں ملوث ملزمان کاشف اور غلام حیدر کو مجموعی طور پر 12 برس قید اور مجموعی طور پر 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی، دونوں مجرموں کو جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید 3 ماہ جیل میں رہنا ہوگا، استغاثہ کے مطابق 2012ء کو ملزمان کو سی آئی ڈی نے اردو سائنس کالج کے قریب مقابلے کے بعد گرفتار کیا تھا، اور مجرم کاشف آبڑو کے قبضے سے دستی بم اور کلاشنکوف اور مجرم غلام حیدر کے قبضے سے کلاشنکوف برآمد کی تھی۔
خبر کا کوڈ : 436031
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش