0
Tuesday 11 Aug 2015 12:08

قلات، ٹریفک حادثے میں 13 افراد لقمہ اجل بن گئے

قلات، ٹریفک حادثے میں 13 افراد لقمہ اجل بن گئے
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے ضلع قلات کی تحصیل منگچر خالق آباد میں تیز رفتار ٹریلر بےقابو ہوکر بازار میں جا گھسا اور راہگیروں کو کچلتا ہوا گاڑیوں پر چڑھ گیا۔ حادثے میں تیرہ افراد جاں بحق اور پچیس زخمی ہوگئے۔ حادثے میں ایک مسافر ویگن اور ایک آئل ٹینکر سمیت آٹھ گاڑیاں تباہ اور کئی دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔ لیویز حکام کے مطابق حادثہ قلات کے علاقے منگچر خالق آباد میں کوئٹہ کراچی شاہراہ پر پیش آیا۔ جہاں کوکنگ آئل سے بھرا ٹریلر تیز رفتاری اور بریک فیل ہونے کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہوکر بازار میں جاگھسا۔ لیویز حکام کے مطابق بے قابو ٹریلر کوئٹہ سے قلات جانے والی مسافر ویگن اور ڈیزل سے لوڈ آئل ٹینکر کو مارنے کے بعد دکانوں کے برآمدے سے جا ٹکرایا اور باہر بیٹھے افراد اور راہ گیروں کو روندتے ہوئے سڑک کی دوسری جانب جاکر الٹ کر گاڑیوں پر گر گیا۔ حادثے میں مسافر وین، آئل ٹینکر، دوپک اپ گاڑیاں تباہ ہوئیں جبکہ پانچ دکانوں کو جزوی نقصان پہنچا۔ عینی شاہد ایف سی اہلکار نے بتایا کہ ٹرالر کراچی کی طرف سے آرہا تھا اور تیز رفتاری کی وجہ سے پہلے مسافر ویگن اور ٹینکر سے ٹکرانے کے بعد راہ گیروں اور گاڑیوں پر چڑھ گیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایف سی اور لیویز موقع پرپہنچ گئیں اور مقامی لوگوں کی مدد سے امدادی سرگرمیاں شروع کردیں۔ جاں بحق اور زخمی افراد ٹریلر اور گاڑیوں کے نیچے دب گئے۔ جس کی وجہ سے امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بعدازاں ٹریلر کو ہٹاکر لاشوں اور زخمیوں کو نکالا گیا۔ جاں بحق افراد میں بیشترکا تعلق منگوچر سے تھا۔ ان کی لاشیں ورثاء کے حوالے کردی گئیں جبکہ زخمیوں کو مستونگ کے نواب غوث بخش اسپتال پہنچایا گیا۔ شدید زخمیوں کو کوئٹہ کے سول اسپتال اور بولان میڈیکل اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 479144
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش