0
Saturday 14 Nov 2015 17:26

عراقی کرد فورسز نے سنجار کو داعش سے آزاد کروا لیا، مسعود بارزانی

عراقی کرد فورسز نے سنجار کو داعش سے آزاد کروا لیا، مسعود بارزانی
اسلام ٹائمز۔ شمالی عراق میں کرد فورسز نے سنجار کے قصبے کو داعش کے دہشتگردوں سے آزاد کروا لیا ہے۔ کرد رہنما مسعود بارزانی کا کہنا تھا کہ اس قصبے پر قبضے سے موصل کی جانب پیش قدمی کے منصوبوں پر گہرا اثر پڑے گا۔ موصل داعش کے زیرِ قبضہ شمالی عراق کا سب سے بڑا شہر ہے۔ اس سے پہلے جمعے کو کرد جنگجو سنجار میں داخل ہوگئے تھے جہاں انھوں نے ایک دن قبل ہی داعش سے علاقہ چھیننے کے لیے حملہ کیا تھا۔ اس کے بعد کردستان ریجنل سکیورٹی کونسل نے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ ان کی فورسز چاروں جانب سے علاقے میں داخل ہو گئی ہیں اور اسے داعش سے خالی کروایا جا رہا ہے۔ اسی اثنا میں عراقی فوج کا کہنا ہے کہ کہ اس نے مغربی شہر رمادی کو داعش سے آزاد کروانے کے لیے حملہ کر دیا ہے۔ عراقی فوج کے بیان کے مطابق اس حملے میں فضائی فوج کی مدد بھی حاصل ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا تھا کرد فورسز نے سنجار میں پیدل داخلے کے وقت راکٹ پروپیلڈ گرنیڈ استعمال کیے۔ کردستان ریجنل سکیورٹی کونسل نے ایک دوسری ٹویٹ میں کہا ہے کہ کرد فورسز نے ایک ہسپتال، کئی عوامی عمارات، ایک سیمنٹ فیکٹری اور ایک سائیلو کو محفوظ بنا دیا گیا ہے۔ سنجار کا قبضہ واپس لینے کے لیے جمعرات کو علی الصبح حملہ کیا گیا جس میں ساڑھے سات ہزار جنگجو شامل تھے۔ اتحادی افواج کی جانب سے اسلحے کے ذخیروں اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر پر فضائی حملوں کے بعد باہر جانے کے تینوں راستے بند کر دیے گئے۔
خبر کا کوڈ : 497791
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش