0
Monday 14 Feb 2011 09:54

ریمنڈ کو پھانسی،امریکی دہشت گردوں کا نیٹ ورک بے نقاب کیا جائے،جماعت اسلامی کا جرگہ

ریمنڈ کو پھانسی،امریکی دہشت گردوں کا نیٹ ورک بے نقاب کیا جائے،جماعت اسلامی کا جرگہ
لاہور:اسلام ٹائمز-لاہور میں جماعت اسلامی کے جرگے نے مطالبہ کیا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کو پھانسی دی جائے اور امریکی دہشت گردی کا نیٹ ورک بے نقاب کیا جائے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ حکمران دہشتگردی کیخلاف نام نہاد امریکی جنگ سے علیحدہ ہو جائیں ملک کے اندر ہزاروں ریمنڈ ڈیوس سرعام دندناتے پھرتے ہیں ان پر قابو پانے کے بجائے قبائلی علاقہ جات میں محب وطن شہریوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے، دہشتگردی کے پیچھے بھارتی اور امریکی ہاتھ ہے، قبائلی عوام لاشیں اٹھا اٹھا کر تھک گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو منصورہ میں منعقدہ بڑے قبائلی جرگے سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جرگے میں دو ہزار سے زائد قبائلیوں نے شرکت کی۔ منور حسن نے کہا کہ قبائل نے ہمیشہ ملکی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لئے فوج کے لئے ریڑھ کی ہڈی کا کام کیا، قبائلی علاقوں میں آپریشن ختم کر کے مذاکرات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک پیپلز پارٹی برسر اقتدار ہے، بے نظیر کے قاتل گرفتار ہوں گے نہ پرویز مشرف کا ٹرائل ہو گا۔جرگے سے خطاب کرتے ہوئے سابق ایم این اے اور قبائلی علاقہ جات کے امیر صاحبزادہ ہارون الرشید نے مطالبہ کیا کہ حکومت اگر ہمارا تحفظ نہیں کر سکتی تو ہمارے گھروں کو ٹینکوں اور طیاروں کے ذریعے گولہ باری کر کے مسمار بھی نہ کرے۔
روزنامہ جسارت کے مطابق جماعت اسلامی کے امیر نے کہا کہ قبائلی عوام لاشیں اٹھا اٹھا کر تھک گئے ہیں لیکن آزادی کا نعرہ بلند نہیں کیا، یہ ان کی حب الوطنی کا ثبوت ہے۔ ملٹری آپریشن کے ذریعے دہشتگردی ختم کرنے کا خواب پورا نہیں ہو گا۔ امریکی دہشتگردوں کی ملک میں جاری بلاخوف کارروائیاں ملکی سلامتی کے اداروں کی نااہلی کا ثبوت ہیں۔ آپریشن زدہ علاقوں میں آزاد میڈیا کو جانے دیا جائے تو کئی حقائق سامنے آ ئیں گے۔ آئی ایس پی آر کی پریس ریلیزوں پر یقین کیا جائے تو پورے خیبرپختونخوا میں دہشتگردوں اور غداروں کے سوا کوئی نہیں رہتا۔ جنرل کیانی امریکی وفود سے ملاقاتوں میں جرات کا ثبوت دیتے ہوئے ڈو مور کے امریکی مطالبے کو مسترد اور امریکی جنگ سے علیحدگی کا اعلان کریں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اتوار کو منصورہ میں منعقدہ بڑے قبائلی جرگے سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
جرگے سے ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، صاحبزادہ فصیح اللہ، راج محمد خان، فیصل آفریدی ، ڈاکٹر سمیع اللہ، سردار خان، ڈاکٹر مشتاق احمد اخونزادہ، ڈاکٹر منصف خان، زرنور خان آفرید ی اور محمد الیاس بنگش نے بھی خطاب کیا۔ منو رحسن نے کہا کہ بدامنی کے خاتمے کے لیے جرگے کی سیاست کو فروغ دیا جائے۔ طاقت کی زبان اور بندوق کی گولی سے دہشتگردی ختم ہونے کے بجائے جی ایچ کیو تک پہنچ چکی ہے۔سید منو رحسن نے کہا کہ زرداری کو کرپشن کے سوا کوئی کام ڈھنگ سے نہیں آتا۔ فوج اگر شہریوں کو امریکی دہشتگردی سے تحفظ نہیں دے سکتی تو امریکی حکم پر ان کا قتل عام بھی نہ کرے اور قبائلیوں کو اپنے تحفظ کا موقع دیا جائے۔ قبائل محب وطن نہ ہوتے تو اپنے اوپر ہونے والے مظالم پر خاموش رہنے کے بجائے اب تک علیحدگی کی تحریک شروع کر چکے ہوتے۔ جنرل کیانی دنیا کو بتائیں کہ دہشتگردی امریکا، بھارت اور اسرائیل کے گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 54702
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش