0
Tuesday 14 Feb 2017 01:00

لاہور خودکش دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی

لاہور خودکش دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی
اسلام ٹائمز۔ پنجاب اسمبلی کے سامنے مال روڈ پر ہونے والے خودکش دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی ہے، جس میں ایک خودکش بمبار کو صاف طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔ مختلف ٹی وی چینلز پر نشر ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سیاہ شلوار قمیض اور جیکٹ میں ملبوس ایک نوجوان عین اس جگہ آتا ہے جہاں پولیس کے اعلیٰ افسران موجود ہیں، اسی دوران ایک پولیس اہلکار کی جانب سے اسے رکنے کا اشارہ کیا جاتا ہے جس پر وہ خود کو بارودی مواد سے اڑا دیتا ہے۔ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سیف سٹی پروگرام کے تحت لگائے گئے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے پتہ چلا ہے کہ خودکش حملہ آور اپنے سہولت کاروں کے ساتھ ریگل چوک سے پیدل چیئرنگ کراس پہنچا، اس کے ایک سہولت کار نے سرمئی رنگ کے کپڑے پہنے ہوئے تھا، ڈرگ کیمسٹ کے احتجاج کی وجہ سے لوگوں کی بڑی تعداد مال روڈ پر موجود تھی۔

مظاہرے کی جگہ کو خار دار تاریں لگا کر بند کیا گیا تھا، خودکش حملہ آور رکاوٹ کو عبور کرکے مظاہرین میں شامل ہوا اور پولیس افسران کے قریب پہنچا۔ اسی دوران پیچھے سے تینوں سہولت کار فرار ہوگئے۔ تفتیش میں شامل افسران نے خودکش حملہ آور کے سہولت کاروں کی تلاش شروع کردی ہے۔ اس کے علاوہ خودکش حملہ آور کا سر اب تک نہیں مل سکا، جس کی تلاش کے لیے اطراف کی عمارتوں کی چھتوں کا معائنہ کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب پولیس نے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کردی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ شام ڈی آئی جی کیپٹن (ر) احمد مبین زیدی اور ایس ایس پی زاہد گوندل مظاہرین سے احتجاج ختم کرنے کیلئے مذاکرات کر رہے تھے۔ اسی دوران 20 سے 22 برس کا ایک شخص پیدل چلتا ہوا ہجوم کے قریب آیا اور اس نے خود کو بارودی مواد سے اڑا دیا۔ دھماکا اس قدر شدید نوعیت کا تھا کہ اس کی آواز دور تک سنی گئی جبکہ بارود کی وجہ سے قریب موجود دو گاڑیوں اور دو درجن سے زائد موٹر سائیکلیں تباہ ہوگئیں۔
خبر کا کوڈ : 609316
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش