0
Tuesday 19 Apr 2011 00:50

ڈی جی خان،سانحہ سخی سرور کے ماسٹر مائنڈ بہرام خان سمیت 6 گرفتار

ڈی جی خان،سانحہ سخی سرور کے ماسٹر مائنڈ بہرام خان سمیت 6 گرفتار
ڈیرہ غازی خان:اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ غازی خان میں پولیس نے سانحہ سخی سرور بم دھماکہ کے ماسٹر مائنڈ سمیت چھ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں زخمی خودکش حملہ آور عمر، اسماعیل ،بہرام خان، سلیم جان، بشیر احمد اور اصغر شامل ہیں۔ دوران تفتیش ملزمان نے بتایا کہ دونوں خودکش حملہ آوروں کو دربار کے قریب ایک ہوٹل کے کمرہ نمبر اکیس میں رکھا گیا تھا۔ اس دوران مقامی دہشت گرد احمد عرف شریف عرف ایاز انہیں ملنے کے لیے آتا تھا۔ اپنے منصوبے کو عملی شکل دینے کے لیے وہ صلاح و مشورہ کرتے رہے۔ اکتیس مارچ کو زرا علی خان نے دربار پر دھماکے کا منصوبہ بنایا، کیونکہ جمعرات کو رش زیادہ ہوتا ہے۔ اس مقصد کے لیے وہ دربار سخی سرور گئے، تاہم سکیورٹی زیادہ ہونے کی وجہ سے اپنا ارادہ ترک کر کے واپس آگئے، پھر تین اپریل کو عرس کی تقریبات کی وجہ سے رش کو دیکھ کر دھماکہ کرنے کا ارادہ کیا۔ جس کے بعد ایک خودکش حملہ آور اسماعیل نے پہلے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ عمر کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
جنگ نیوز کے مطابق ڈیرہ غازی خان پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے سانحہ سخی سرور کے ماسٹر مائنڈ بہرام خان سمیت پانچ اہم ملزموں کو گرفتار کر لیا ہے۔ بہرام خان کا دس روزہ جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق کمانڈر ایوب، درہ علی اور بہرام خان نے دسمبر2010ء میں میر علی میں درگاہوں پر خودکش حملوں کی منصوبہ بندی کی تھی اور ملزمان کو فدائی کمانڈر قاری ظفر نے خودکش جیکٹ اور دیگر سامان فراہم کیا تھا۔ بہرام خان کو چند روز پہلے باجوڑ ایجنسی سے گرفتار کر لیا گیا تھا، جس کو آج انسداد دہشت گردی کی عدالت میں خصوصی جج محمد ایوب مارتھ کے سامنے پیش کیا گیا، عدالت نے ملزم کو دس روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ بہرام خان سے تفتیش کے بعد پولیس نے مزید چار ملزموں کو بھی گرفتار کر لیا ہے، جن میں سلیم جان، احمد بلوچ، بشیر احمد اور اصغر شامل ہیں۔ جبکہ بہرام خان کے ساتھی کمانڈر ایوب، درہ علی اور فدائی کمانڈر قاری ظفر اب تک گرفتار نہیں کئے جاسکے ہیں۔ سانحہ سخی سرور میں خودکش حملے میں پچاس سے زائد افراد جاں بحق اور سو سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

خبر کا کوڈ : 66256
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش