0
Wednesday 20 Apr 2011 00:05

علامہ اقبال امت مسلمہ کے اتحاد کے بہت بڑے داعی تھے، جسٹس (ر) نذیر احمد غازی

علامہ اقبال امت مسلمہ کے اتحاد کے بہت بڑے داعی تھے، جسٹس (ر) نذیر احمد غازی
لاہور:اسلام ٹائمز۔ علامہ اقبال امت مسلمہ کے اتحاد کے بہت بڑے داعی تھے۔ وہ سمجھتے تھے کہ امت متحد ہو کر ہی دنیا کی امامت کر سکتی ہے۔ لیکن بدقسمتی سے ہم اپنے ملک کے اندر ہی فرقوں میں تقسیم ہو کر رہ گئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہم دنیا کی رہنمائی کے اعزاز سے محروم ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار جسٹس (ر) نذیر احمد غازی نے ایوانِ اقبال میں ہفتہ تقریباتِ اقبال کے سلسلے میں وکلاء کی خصوصی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے ریاستِ مدینہ کی طرح کی ریاست کا تصور پیش کیا تھا۔ وہ یہاں کی قیادت کو حق و صداقت جرات اور شجاعت کے کردار کی حامل دیکھنا چاہتے تھے۔ لیکن ہمیں ایسی قیادت نہیں مل سکی، یہی وجہ ہے کہ ہم ایٹمی طاقت ہونے کے باوجود خوف کا شکار ہیں۔ ہمیں اس خوف سے نکل کر اقبال کے افکار کو اپنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اور قائداعظم کے کردار پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ ہمیں ایسے ہی کردار کی حامل قیادت کی ضرورت ہے۔
مشتاق احمد موہل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائدِاعظم اور علامہ اقبال نے اتحاد، مساوات، عدل و انصاف کا درس دیا۔ پاکستان بنانے کا مقصد اُس وقت تک مکمل نہیں ہو سکتا جب تک ہم قائدِاعظم اور علامہ اقبال کے تصورات کے مطابق پاکستان کو نہیں بنا لیتے۔تقریب سے ظفر اقبال ایڈوکیٹ نے بھی خطاب کیا۔
 علاوہ ازیں "اقبال کا محنت کش"  کے موضوع پر ہونے والی خصوصی نشست سے خطاب کرتے ہوئے ریلوے ایمپلائز پریم یونین کے سیکرٹری جنرل سابق رکن قومی اسمبلی حافظ سلمان بٹ نے کہا کہ علامہ اقبال نہ صرف عظیم مفکر اور شاعر تھے بلکہ وہ مفسر قرآن بھی تھے۔ انھوں نے اپنی شاعری کے ذریعے اللہ اور اسکے رسول(ص) کے پیغام کو عام کیا، انھوں نے پسے ہوئے طبقات کو عزت سے جینے کا درس دیا۔ اگر آج بھی ہم اقبال کے افکار کی پیروی کریں تو باوقار قوم کی طرح زندگی گزار سکتے ہیں۔ اس تقریب میں محنت کشوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور مفکر پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا۔
خبر کا کوڈ : 66445
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش