0
Wednesday 20 Apr 2011 21:17

حکومت ملّت جعفریہ کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے، علامہ سید حسن ظفر نقوی

حکومت ملّت جعفریہ کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے، علامہ سید حسن ظفر نقوی
کراچی:اسلام ٹائمز۔ ٹارگٹ کلنگ کی ایک نئی لہر کے نتیجے میں تین شیعہ افراد کی شہادت پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ترجمان اور ممتاز عالم دین علامہ سید حسن ظفر نقوی، صوبائی سیکریٹری جنرل سندھ علامہ مختار امامی، کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل محمد مہدی اور سیکریٹری اُمور جوانان مولانا صادق تقوی نے اپنے مذمتی بیان میں تین شیعہ نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر شیعہ نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشت گردوں اور اُن کے سرپرستوں کو گرفتار کرے اور شہر میں کالعدم تنظیموں اور اُن کی سرپرست لسانی جماعتوں کی ملک اور شیعہ دشمن سرگرمیو ں کا فوری نوٹس لے۔
اُنہوں نے کہا کہ حکومت ملت جعفریہ کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے کہ جس کا واضح ثبوت یہ ہے کہ گزشتہ دو ماہ میں ۱۱ سے زائد شیعہ عمائدین اور سیاسی کارکنوں کو ٹارگٹ کلنگ میں ہلاک کیا جا چکا ہے۔ ایک عرصۂ دراز سے پاکستا ن کے سچے اور محب وطن شہریوں کو ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت اُن کے خون میں غلطاں کیا جا رہا ہے اور اِس مرتبہ بھی ہم نے ایک دفعہ پھر مظلوموں کو اُن کے خون میں غلطاں دیکھا ہے۔ اِن تینوں مقتولین کا قتل کہ جن کا تعلق مکتب جعفریہ سے تھا ایک سوچی سمجھی سازش کا حصہ ہے جو عالمی سطح پر استکبار کی فکر پلید کا ہی نتیجہ ہے۔ اِس قتل کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ صبر و تحمل سے کام لیا ہے اور ملت جعفریہ کے غیور جوانوں کو کسی بھی صورت میں قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے سے روکا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم وہ ہیں کہ جنہوں نے ہر دور کے ظالم و آمر کے سامنے علم حق بلند کیا ہے اور ظلم ستیزی اور مظلوم کی حمایت مکتب تشیع کا ہی خاصہ اور شیوہ ہے دورحاضر میں بھی پاکستان کے استحکام سے لے کر ملک کی تعمیر و ترقی کی تمام منازل میں مکتب تشیع نے اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے۔
اُنہوں نے انتظامیہ اور سندھ پولیس کی کمزور اور ناقص کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ اور پولیس کو بےگناہ عوام مرتی اور قتل ہوتی نظر نہیں آتی اور وہ ہمیشہ ظالم کا گریباں پکڑنے کے بجائے مقتولوں اور اُن کے حامی مظلوموں کو ہی تنگ کرتی اور اُن کے خلاف اقدامات کرتی ہے، آج مقتولوں کے خلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں اور قاتل شہر میں دندناتے پھر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ آج صبح کراچی میں اہل تشیع مسلک سے تعلق رکھنے والے افراد سید بشارت حسین، سید شہسوار علی اور سید طاہر حسین کو راشد منہاس روڈ پر تاک میں بیٹھے ہوئے دہشت گردوں نے فائرنگ کر کے شہیدکر دیا تھا۔ سید بشار ت حسین مسجد مدینۃ العلم کے ٹرسٹی جبکہ شہید طاہر حسین علامہ شہید حسن ترابی کے داماد تھے۔
خبر کا کوڈ : 66743
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش