0
Friday 23 Mar 2018 10:31

سی پیک میں روس کیلئے سرمایہ کاری کے شاندار مواقع موجود ہیں، محمد خان اچکزئی

سی پیک میں روس کیلئے سرمایہ کاری کے شاندار مواقع موجود ہیں، محمد خان اچکزئی
اسلام ٹائمز۔ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں چین پاکستان اقتصادی راہداری کی صورت میں منافع بخش سرمایہ کاری کے جو شاندار مواقع پیدا ہو رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ دوست ممالک خاص طور سے روس سے بھی بروقت اور بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ بلوچستان خاص طور سے گوادر میں روس کی جانب سے متوقع سرمایہ کاری کو مکمل تحفظ اور تمام ضروری سہولتیں فراہم کریں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس بلوچستان میں پاکستان میں تعینات روس قونصل جنرل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان بنیادی طور پر ایک زرعی علاقہ ہے، جہاں مختلف سبزیوں اور پھلوں کی پیداوار خصوصی اہمیت کی حامل ہے۔ یہاں پیدا ہونے والی سبزیوں اور پھلوں کی دیکھ بھال اور مارکیٹنگ کے مختلف مراحل میں روسی سرمایہ کاری مددگار ہوسکتی ہے، جبکہ خود روسی سرمایہ کاروں کیلئے یہ ایک منافع بخش سرگرمی ہے۔ انہوں نے روس اور پاکستان کے بڑھتے ہوئے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے روسی قونصل جنرل سے کہا کہ ہم روس کو تجارتی وسعت کیلئے سینٹرل ایشیا تک آسان راستہ مہیا کرسکتے ہیں۔ عالمی معاشی اور سماجی ترقی کی رفتار حیرت انگیز طور پر بہت تیز ہے۔ روسی یا کسی بھی ملک کیلئے کوئی وقت ضائع کئے بغیر صورتحال سے مکمل استفادہ ضروری ہے۔ گورنر بلوچستان نے علاقائی تعاون تنظیم اور علاقائی اتحاد کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان تنظیموں کے فعال کردار کی وجہ سے خطے میں تعاون اور ترقی کے امکانات کئی گنا بڑھ گئے ہیں۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ آنے والے دنوں میں روس پاکستان تعلقات مزید مستحکم ہونگے، جو دونوں ملکوں کے عوام کے فائدے میں ہیں۔ آخر میں مہمانان گرامی کے درمیان تحائف اور یادگاری شیلڈز کا تبادلہ بھی ہوا۔
خبر کا کوڈ : 713303
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش