0
Saturday 21 Apr 2018 18:30

صوبائی کابینہ کا اجلاس، بلوچستان بجٹ 8 مئی کو پیش کرنیکی منظوری

صوبائی کابینہ کا اجلاس، بلوچستان بجٹ 8 مئی کو پیش کرنیکی منظوری
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیرصدارت منعقد ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں مالی سال 2018-19ء کا صوبائی بجٹ 8 مئی کو پیش کرنے کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ اس بات کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ جاری مالی سال کے ترقیاتی فنڈز کا اجراء 27 اپریل کو روک دیا جائے گا۔ تمام محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آئندہ مالی سال کے لئے اپنے ترقیاتی منصوبے یکم مئی تک محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کو بھجوا دیں۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات نصیب اللہ بازئی اور سیکرٹری خزانہ قمر مسعود نے کابینہ کو رواں مالی سال کی پی ایس ڈی پی میں شامل منصوبوں کی پیشرفت، مالی صورتحال اور آئندہ مالی سال کے مجوزہ بجٹ کے خدوخال سے آگاہ کیا۔ کابینہ نے صوبے کے ترقیاتی و مالی امور اور آئندہ مالی سال کے مجوزہ بجٹ کے حوالے سے تجاویز پر تفصیلی غور و خوض کرتے ہوئے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات اور محکمہ خزانہ کو کابینہ کی تجاویز کی روشنی میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری کی ہدایت کی۔ کابینہ میں اس بات سے مکمل اتفاق پایا گیا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ متوازن اور عوام دوست بنایا جائے گا، جس میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے اور تمام شعبوں میں عوامی مفادات کے اجتماعی منصوبوں کو ترجیح دینے کی پالیسی کو اپنایا جائے گا۔

صوبائی کابینہ نے صوبے کے گوداموں میں موجود گندم کو مقرر کردہ نرخوں پر اوپن مارکیٹ پالیسی کے تحت فروخت کرنے کی منظوری بھی دی۔ اس اقدام کا مقصد گوداموں میں موجود گندم کو خراب اور ضائع ہونے سے بچانے کے ساتھ ساتھ عوام کو رمضان المبارک کے دوران سستے داموں گندم اور آٹے کی فراہمی کو یقینی بنانا بھی ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلٰی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ موجودہ حکومت نے قلیل مدت میں عوام کو مختلف شعبوں میں ریلیف دینے کی بھرپور کوشش کی ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ ہماری کوشش ہوگی کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بھی ایسے منصوبے شامل ہوں، جن سے عوام کو تعلیم، صحت، آبنوشی، مواصلات اور زندگی کی دیگر بنیادی سہولتیں ان کی دہلیز پر دستیاب ہوسکیں۔ ہم ایک فلاحی بجٹ دے کر جائیں گے، جس میں انفرادی کے بجائے اجتماعی نوعیت کے منصوبوں کو ترجیح حاصل ہوگی۔ مختلف اہم امور پر صوبائی کابینہ میں مکمل اتفاق رائے سے فیصلے کئے جا رہے ہیں، جو نہایت خوش آئند ہے۔ حکومتی فیصلوں سے عوام کا حکومت اور اداروں پر اعتماد مضبوط ہوا ہے۔ اس اعتماد کو ٹھیس نہیں لگنے دی جائے گی اور ہم خلوص نیت کے ساتھ اپنی تمام تر صلاحیتیں مسائل کے حل کے لئے بروئے کار لاتے رہیں گے۔
خبر کا کوڈ : 719547
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش