0
Sunday 15 May 2011 22:59

لاہور،آئی ایس او پاکستان کے زیراہتمام مردہ باد امریکہ،مردہ باد اسرائیل اور دفاع حرم ریلی

لاہور،آئی ایس او پاکستان کے زیراہتمام مردہ باد امریکہ،مردہ باد اسرائیل اور دفاع حرم ریلی
لاہور:اسلام ٹائمز۔ ملک بھر میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام دو روزہ اسرائیل، امریکہ مردہ باد مہم اور یوم دفاع حرم منایا جا رہا ہے، جس کے تحت گزشتہ روز آئی ایس او لاہور کے زیراہتمام پریس کلب لاہور سے پنجاب اسمبلی تک امریکہ و اسرائیل مردہ باد احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی میں کثیر تعداد میں آئی ایس او کے اراکین نے شرکت کی، ریلی کے شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر پاکستان کی سالمیت اور حرم پاک کے دفاع جبکہ امریکہ و اسرائیل کے خلاف نعرے درج تھے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس او پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تعلیم اطہر عمران نے کہا ہے کہ اسرائیل کا وجود عالم اسلام کے قلب میں خنجر کی طرح گھونپا گیا ہے، 16مئی کے روز ہی امریکہ نے اپنی ناجائز اولاد کے وجود اسرائیل کو تسلیم کیا تھا، جس نے فلسطین میں ہنستے بستے گھروں کو برباد، بچوں کو یتیم، خواتین کو بیوہ کر دیا ہے، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ فلسطینوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور مکڑی کے جالے سے بھی کمزور وجود رکھنے والا اسرائیل جلد از جلد نابود ہو جائے گا۔
آئی ایس او پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تعلیم  نے پاکستان میں جاری ڈرون حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی طاقت رکھنے والے ملک کے سیاسی و فوجی حکمرانوں کے لئے ڈوب مرنے کا مقام ہے کہ ہم ڈرون طیارے گرانے کی طاقت رکھنے کے باوجود صرف بیانات دے رہے ہیں، کسی بیرونی طاقت کو یہ حق نہیں کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملے کا نام لے کر پاکستان کی حدود میں فوجی کاروائی کرے، انہوں نے کہا کہ امریکہ سب سے بڑا دہشت گرد ہے اور آج دنیا میں اس کے سیاسی و عسکری دہشت گرد بے نقاب ہو رہے ہیں، تو وہ خود کو دنیا کا محافظ ظاہر کر رہا ہے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے حجتہ الاسلام والمسلمین مولانا احمد اقبال نے کہا کہ 1948ء سے لے کر آج تک امریکہ اسرائیل کے ہر ظلم کی پشت پناہی کرتا آ رہا ہے۔ ایبٹ آباد میں رچائے گئے ڈرامے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے آئی ایس او پاکستان لاہور ڈویژن کے صدر علی فیاض نے کہا کہ امریکہ کی پاکستان میں مداخلت کو ہم اعلان جنگ سمجھتے ہیں اور اگر حکمرانوں نے امریکہ نواز پالیسیوں کو تبدیل نہ کیا تو عوام ان کا بھی وہی حال کرے گی جو آج تک دیگر امریکی پٹھوﺅں کا ہوا ہے، ریلی کے شرکاء سے آئی ایس او کے دیگر اراکین نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 72116
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش