0
Friday 20 May 2011 20:14

فاٹا سے متصل علاقوں کے عوام کے تحفظ کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، گورنرخیبرپختونخوا

فاٹا سے متصل علاقوں کے عوام کے تحفظ کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، گورنرخیبرپختونخوا
پشاور:اسلام ٹائمز۔خیبر پختونخوا کے گورنر بیرسٹر مسعود کوثر نے کہا ہے کہ وطن عزیز خاص طور پر اس صوبے اور فاٹا میں جس نوع کی مشکلات کا سامنا ہے وہ بلاشبہ بھرپور چیلنجوں کی حامل ہیں اور ان سے عہدہ برآ ہونے کے سلسلے میں معاشرے کے کلیدی کردار کے حامل طبقوں کی طرح شعبہ صحافت سے وابستہ افراد کی قربانیاں بھی لائق تحسین ہیں۔ جمعہ کے روز گورنر ہاوس پشاور میں ضلع کوہاٹ کے صحافیوں کے ایک 20 رکنی وفد کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے جنہوں نے کوہاٹ پریس کلب کے صدر ممتاز بنگش کی سربراہی میں ان سے ملاقات کی۔
گورنر نے کہاکہ دنیا بھر کے جمہوری معاشروں کی طرح ہمارے وطن پاکستان میں بھی اہل قلم کے کردار اور خدمات کو بھرپور اہمیت حاصل ہے اور اس پر ہم سب کو فخر ہونا چاہئے۔ بیرسٹر مسعود کوثر نے مزید کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ ہمیں جن حالات کاسامنا رہا ہماری پولیس فورس نہ تو ان سے عہدہ برآ ہونے کیلئے ضروری تربیت اور نہ ہی وسائل کی حامل تھی اور ایسے حالات میں ہماری سکیورٹی فورسز اور عوام نے جس جرات اور بہادری کا مظاہرہ اور وطن کے وقار اور سلامتی کیلئے قربانیوں کا جو معیار قائم کیا اس کا ہر سطح پر بھرپور اعتراف اور احساس ہے اور اس کی قدر بھی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے مزید واضح کیا کہ انہی قربانیوں کا صلہ ہے کہ ہم معمولات زندگی بحال کرنے اور ترقی و خوشحالی کی جدوجہد کا از سر نو آغاز کر رہے ہیں۔ بیرسٹر مسعود کوثر نے کہا معاشی ترقی کے عمل کی کامیابی تسلسل کی متقاضی ہوتی ہے اور اگر ماضی میں مشکلات و آزمائشوں کا سامنا نہ ہوتا تو آج ہم ترقی کی نئی منازل کی جانب گامزن ہوتے لیکن اب ہمیں نقصان کا ازالہ بھی کرنا ہے اور مطلوبہ اہداف بھی حاصل کرنے ہیں اور انشاء اللہ ہم اس چیلنج سے بھی کامیابی کیساتھ ہمکنار ہوں گے۔
گورنر نے کہا کہ فرقہ واریت جیسے غیر متعلقہ مسائل بھی مشکلات کی ایک بڑی وجہ ہیں اور ہمیں منفی رجحانات کے حامل غیر متعلقہ مسائل کی بھی حوصلہ شکنی کرنے کی ضرورت ہے۔ وفد کی جانب سے اٹھائے گئے نکات کا حوالہ دیتے ہوئے گورنر نے کہا کہ فاٹا سے متصل علاقوں کے عوام کے تحفظ کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور انشاء اللہ عوام بہت جلد اس سلسلے میں مثبت تبدیلی محسوس کریں گے۔ ضلع کوہاٹ کے عوام کے بہتر مستقبل کے حوالے سے بعض تجاویز کا ذکر کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ خوشحال گڑھ کے مقام پر نئے پل کی تعمیر کے ساتھ ساتھ اندرون شہر میں بھی شاہراؤں کی توسیع کی جا رہی ہے جس کے نتیجے میں بہتر حالات کی توقع ہے۔ کوہاٹ کی صحافی برادری کیلئے بہتر حالات کار یقینی بنانے کے ضمن میں ایک تجویز کا ذکر کرتے ہوئے گورنر نے یقین دلایا کہ میڈیا کالونی کی تعمیر کے ساتھ ساتھ صحافی برادری کیلئے مناسب ماحول فراہم کرنے کی غرض سے بھی مزید ٹھوس قدامات اٹھائے جائیں گے۔ دریں اثنا پریس کلب کوہاٹ کے صدر جناب ممتاز بنگش نے وفد کی جانب سے ملاقات کے مقاصد، معاشرے کے عمومی حالات اور مسائل کے حل کے سلسلے میں مناسب تجاویز پیش کیں۔
خبر کا کوڈ : 73221
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش