0
Thursday 21 Jun 2018 09:11

کشمیر میں حقوق کی پامالی، اقوام متحدہ انکوائری کمیشن بنائے گا

کشمیر میں حقوق کی پامالی، اقوام متحدہ انکوائری کمیشن بنائے گا
اسلام ٹائمز۔ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سکیورٹی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لیے انسانی حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر کی طرف سے انکوائری کمیشن تشکیل دینے کی سفارشات کا خیر مقدم کیا ہے۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے فرخ عامل نے جنیوا میں انسانی حقوق کونسل کے 38 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’اقوام متحدہ کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی سے متعلق حالیہ رپورٹ اس حوالے سے پاکستان کے موقف کی توثیق کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں شہریوں کے بلاامتیاز قتل عام، پیلٹ گنز کے استعمال سے بینائی ضائع کر دینے، اجتماعی قبروں کے کیسز اور جنسی تشدد انسانیت کے خلاف جرائم ہیں جن کی تحقیقات کی جانی چاہیں۔

فرخ عامل نے چند روز قبل سینئر کشمیری صحافی شجاعت بخاری کے قتل کی بھی مذمت کی۔ پاکستانی نمائندے نے سیاسی مذاکرات کے ذریعے کشمیر تنازعہ کا تمام فریقین کو قابل قبول حل نکالنے کے اقوام متحدہ کے مطالبے کو بھی سراہا۔

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق دفتر نے پہلی بار متنازعہ علاقے کشمیر میں بھارت کی جانب سے مبینہ طور پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر رپورٹ جاری کی تھی۔ اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کے سربراہ زید رعد الحسین نے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے واقعات کی بڑے پیمانے پر تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ انسانی حقوق کونسل پر زور دیں گے کہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات پر ایک جامع بین الاقوامی تحقیقات کرنے والے کمیشن آف انکوائری (سی او آئی) قائم کرنے پر غور کرے۔ یاد رہے کہ سی او آئی اقوام متحدہ کی اعلیٰ سطح تحقیقات میں سے ایک ہے جو عام طور پر بڑے بحرانوں کی تحقیقات کرتا ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 732629
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش