0
Sunday 22 May 2011 14:56

امریکی سپیشل فورسز 2009ء سے وزیرستان میں مشترکہ آپریشنز کیلئے موجود ہیں، وکی لیکس، پاک فوج کی تردید

امریکی سپیشل فورسز 2009ء سے وزیرستان میں مشترکہ آپریشنز کیلئے موجود ہیں، وکی لیکس، پاک فوج کی تردید
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ وکی لیکس نے مزید انکشاف کیا ہے کہ امریکہ کی خصوصی آپریشن فورسز پاکستانی فوج کے ساتھ 2009ء کے موسم گرما سے خفیہ معلومات کے لئے کام کر رہی ہیں اور ستمبر میں انہیں پاکستانی حدود میں مشترکہ آپریشن کے لئے تعینات کیا گیا تھا۔ امریکی فورسز شمالی اور جنوبی وزیرستان میں موجود ہیں۔ ریمنڈ ڈیوس کیس اور ایبٹ آباد میں اسامہ کے خلاف آپریشن کے بعد پاکستان میں امریکی فورسز کی موجودگی کے بارے میں کئی سوالات پیدا ہوئے ہیں۔ وکی لیکس کے ذریعے سامنے آنے والا خفیہ مراسلہ سابق امریکی سفیر این ڈبلیو پیٹرسن کی جانب سے مئی 2009ء کو بھیجا گیا۔ سابق سفیر نے خصوصی آپریشن فورسز کی مدد سے انٹیلی جنس فیوڑن سیلز کی تیاری کے بارے میں لکھا ان کا کہنا تھا کہ یہ سیل پاکستان کے سپیشل سروسز گروپ "ایس ایس جی" اور فرنٹئیرکور کے ساتھ نہ صرف انٹیلی جنس معلومات کے حصول میں تعاون کریں گے بلکہ حاصل شدہ اہم معلومات کا تبادلہ بھی کریں گے۔ پاکستان نے اس سلسلے میں امریکی فوج کا تعاون حاصل کرنا شروع کر دیا تھا۔ این ڈبلیو پیٹرسن کے مطابق اپریل 2009ء میں بالاحصار میں قائم کئے گئے انٹیلی جنس سیل نے پاکستانی فوج سے تعاون کرتے ہوئے لوئر دیر آپریشن میں حصہ بھی لیا تھا۔
وکی لیکس نے نیا انکشاف کیا ہے کہ امریکی فوجی قبائلی علاقوں میں پاکستانی افواج کے ساتھ مل کر آپریشن کر رہے ہیں، تاہم افواج پاکستان نے یہ بیان رد کرتے ہوئے اس کی تردید کی ہے۔ اصل معاملہ کیا ہے یہ بات کسی معمے سے کم نہیں۔ آئی آیس پی آر کے ترجمان نے وکی لیکس کے حوالے سے میڈیا میں آنے والی ان اطلاعات کی سختی سے تردید کی ہے جن میں کہا گیا ہے کہ امریکی فوجی فاٹا کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی تربیت اور مختلف آپریشنز میں معاونت کے لئے موجود رہے ہیں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ جنوبی اور شمالی وزیرستان ایجنسیوں میں کوئی امریکی فوجی موجود نہیں نہ ہی فاٹا میں امریکی فوجیوں نے کسی فوجی آپریشن میں حصہ لیا۔ پاک فوج نے وزیرستان میں امریکی فوج کی موجودگی کی تردید کی ہے۔ آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق امریکی فورسز فاٹا میں کسی فوجی آپریشن میں شامل نہیں ہیں۔ 

خبر کا کوڈ : 73580
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش