0
Saturday 4 Jun 2011 10:39

موجودہ بجٹ حکمران اور ان کی اتحادی جماعتوں کی عوام دشمنی کا مُنہ بولتا ثبوت ہے، ثروت اعجاز قادری

موجودہ بجٹ حکمران اور ان کی اتحادی جماعتوں کی عوام دشمنی کا مُنہ بولتا ثبوت ہے، ثروت اعجاز قادری
کراچی:اسلام ٹائمز۔ سربراہ سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ موجودہ بجٹ پاکستان کی تاریخ کا بدترین عوام دشمن اور آئی ایم ایف پسند بجٹ ہے جو کہ عوام کے مُنہ سے آخری نوالہ تک چھیننا چاہتا ہے، موجودہ بجٹ حکمران اور ان کی اتحادی جماعتوں کی عوام دشمنی کا مُنہ بولتا ثبوت ہے، ان خیالات کا اظہار سربراہ سنی تحریک نے موجودہ بجٹ پر اپنے ردِعمل میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا دم بھرنے والے موجودہ حکمران اور ان کے اتحادی عوام کو یہ بتائیں کہ دنیا میں وہ کونسا ملک ہے جہاں پر عوام کے استعمال میں آنے والی بنیادی اشیائے ضرورت یعنی بجلی، گیس، پیٹرول، آٹا، دال، چینی، چاول و دیگر اشیاء پر ریاست کی جانب سے دی جانے والی سہولیات (سبسڈی) کو ختم کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے زیادہ شرمناک عوام دشمن اقدام کیا ہو گا کہ عوام کا دم بھرنے والی حکومت عوام کو ریلیف کا لولی پاپ دیکر عوام سے اُن کے جینے کے بنیادی حقوق تک چھین رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی یہ ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ عوام اور معاشرے کی ترقی کیلئے غیرپیداواری اخراجات کو کم کر کے ملک کی پیداوار کے ذرائع کو بڑھائے تاکہ ملک معاشی و سیاسی طور پر مستحکم ہونے کہ بعد عوام کو خوشحالی دے سکے۔ مگر افسوس ناک بات یہ ہے کہ موجودہ بجٹ میں حکومت نے ریاست کی ذمہ داریوں سے اپنے آپ کو الگ کر لیا ہے اور ریاست کی جانب سے دی جانے والی سبسڈی جو کہ عوام کا آئینی و جمہوری حق ہے ختم کر دی جائے۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ عوام کی خوشحالی کو مرکز بنایا جائے اور عوام کی خوشحالی اُسی وقت ممکن ہے جب بجٹ میں عوام کی بنیادی اشیائے ضرورت کی چیزوں پر حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کیلئے سبسڈی دے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ پاکستان کا نہیں بلکہ حکمرانوں کے آقا آئی ایم ایف کا ہے جو کہ پاکستان کے عوام سے دہشت گردی کے نام پر جینے کا حق بھی چھیننا چاہتے ہیں۔ اس عوام دشمن بجٹ کے خلاف سنی تحریک بھرپور مزاحمت کرے گی اور اس بجٹ کو عوام کی جانب سے مسترد کرانے کی ہر تحریک کا حصہ بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مطالبہ تھا کہ مزدور کی تنخواہ کم از کم دس ہزار کی جائے، لیکن نہیں کی گئی بلکہ پارلیمنٹ کی مختلف پارٹیوں کے مفادات کا تحفظ کیا گیا اور اب عوام کے دم بھرنے والے چیمپئن کے گھناؤنے چہرے عوام پہچان چکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 76691
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش