0
Tuesday 7 Jun 2011 23:12

اب ایبٹ آباد جیسا واقعہ برداشت نہیں کریں گے، توقع ہے امریکا ریمنڈ کے بارے میں جامع تحقیقات کریگا، وزیراعظم

اب ایبٹ آباد جیسا واقعہ برداشت نہیں کریں گے، توقع ہے امریکا ریمنڈ کے بارے میں جامع تحقیقات کریگا، وزیراعظم
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ایٹمی اثاثے محفوظ ہیں اور کسی کو اس حوالے سے تشویش یا شک نہیں ہونا چاہیئے۔ اسلام آباد میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ دشمن ایٹمی اثاثوں کی جانب میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ انھوں نے کہا کہ ملکی خودمختاری کی خلاف ورزی کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت ہے۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ پر واضح کر دیا گیا ہے کہ ایبٹ کا واقعہ دہرانے کے نتائج اچھے نہیں ہوں گے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ سے ملکی معیشت بری طرح متاثر ہوئی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے خاتمے کیلئے خون کی قربانیاں دے رہا ہے اور اس جنگ میں تیس ہزار سے زیادہ شہری پانچ ہزار سیکیورٹی اہلکار شہید ہو چکے ہیں۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستانی سرزمین دہشتگردی کیلئے استعمال نہیں ہونے دی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی سیاسی اختلافات کو ذاتی دشمنی نہیں سمجھتی اور اختلاف مذاکرات کے ذریعے ختم کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں اس سے بہتر بجٹ نہیں دیا جاسکتا، قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں اپوزیشن کا رویہ غیرپارلیمانی تھا۔
وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ واقعہ ایبٹ آباد اور پی این ایس مہران پر حملے سے متعلق عوام کی تشویش سے آگاہ ہیں۔ جوش کے بجائے ہوش سے کام لے رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے وزیراعظم ہاؤس میں اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹیوں کے ارکان کے اعزاز میں عشائیے کے دوران کہی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اپوزیشن حقیقت پسندی کا مظاہرہ کرے۔ سڑکوں پر سیاست کرنے کے بجائے پارلیمنٹ میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔ وزیراعظم کا کہناتھا کہ بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا، ملک جن حالات سے گذر رہا ہے، اس کے پیش نظر اس سے بہتر بجٹ پیش نہیں کیا جاسکتا۔
ادھر وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے امریکی کانگریس کے وفد سے ملاقات میں کہا ہے کہ امریکا کی پاکستان میں موجودگی عوام کیلئے امن اور خوشحالی کا باعث ہونی چاہیے، عوام توقع کرتے ہیں کہ امریکی حکومت ریمنڈ ڈیوس کے بارے میں جامع تحقیقات کریگی۔ امریکی وفد کا کہنا ہے کہ کانگریس کے سخت تحفظات کے باوجود پاکستان کی اقتصادی امداد جاری رہے گی۔ کانگریس کے وفد نے ڈوگ لیمبورن کی سربراہی میں یوسف رضا گیلانی سے وزیراعظم ہاوٴس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر امریکی سفیر کیمرون منٹر، وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ، وزیر مملکت خارجہ حنا ربانی کھر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے امریکی وفد سے کہا کہ پاکستان کے اقتصادی مسائل کے حل کیلئے آزادانہ تجارتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دی جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کو انٹیلی جنس شیئرنگ کے موٴثر تبادلے، القاعدہ کیخلاف مشترکہ کاروائی اور جامع مذاکرات کے ذریعے بداعتمادی کو کم کرنا چاہیے۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ امریکا کو پاکستان کے ساتھ باہمی اعتماد کی بنیاد پر طویل المیعاد شراکت داری کرنی چاہیے۔ اس موقع پر امریکی کانگرس کے وفد نے کہا کہ امریکا کے بجٹ خسارے اور غیرممالک کو امداد دینے پر کانگریس کو تحفظات ہیں، تاہم پاکستان کی اقتصادی امداد جاری رکھی جائے گی۔ وفد نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان بہت اہم ملک ہے اور وہ وزیراعظم گیلانی سے اتفاق کرتے ہیں کہ ان کی حکومت کو سیاسی موقع دیے جانے کی ضرورت ہے، جس کے لیے وہ کانگریس میں کردار ادا کریں گے۔

خبر کا کوڈ : 77454
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش