2
0
Wednesday 8 Jun 2011 10:32

ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں،امریکہ پاکستانی ایٹمی صلاحیت سبوتاژ کرنا چاہتا ہے، ڈاکٹر احمدی نژاد

ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں،امریکہ پاکستانی ایٹمی صلاحیت سبوتاژ کرنا چاہتا ہے، ڈاکٹر احمدی نژاد
تہران:اسلام ٹائمز۔ ایرانی صدر ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا پاکستان کے ایٹمی اثاثے تباہ کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے، ہمارے پاس امریکی منصوبے سے متعلق اہم معلومات ہیں، مستند اطلاعات ہیں کہ امریکی حکومت پاکستان پر مضبوط کنٹرول اور اس کی حکومت و عوام کو کمزور کرنے کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا سہارا لے گی، تاکہ دہشت گردی کیخلاف جنگ کے نام پر خطے میں اپنا تسلط قائم رکھ سکے۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو تہران میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر محمود احمدی نژاد نے انکشاف کیا کہ ہمارے پاس مستند اطلاعات ہیں کہ پاکستان پر مضبوط کنٹرول اور اس کی حکومت اور عوام کو کمزور کرنے کیلئے امریکی حکومت پاکستان کے ایٹمی اثاثے تباہ کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ امریکا پاکستان کی خود مختاری کو کمزور کرنے کیلئے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرے گا اور دہشت گردی کیخلاف جنگ کے نام پر پاکستان میں اپنی بڑی تعداد میں موجودگی برقرار رکھے گا۔
دیگر ذرائع کے مطابق ایرانی صدر احمدی نژاد نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے، وہ پاکستان کی جوہری صلاحیت کو نقصان پہنچانے کے در پے ہے۔ ایران کے پاس پاکستان کی جوہری صلاحیت کو نقصان پہنچانے کی اطلاعات اور ثبوت موجود ہیں۔ امریکہ اس طرح پاکستان پر کنٹرول حاصل کرنا چاہتا ہے اور اس کی حکومت اور عوام کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ پاکستان میں اپنی موجودگی میں اضافہ کی راہ ہموار کرنے کے لئے اقوام متحدہ اور دوسرے عالمی اداروں کو استعمال کرے گا اور پاکستان کی خودمختاری کو کمزور کرنے کی کوشش کرے گا۔
دریں اثناء ایرانی صدر نے کہا کہ وہ ایران کے ایٹمی پروگرام پر مذاکرات شروع کرنے پر تیار ہیں لیکن وہ یورینیئم کی افزودگی سمیت اپنی ایٹمی سرگرمیاں جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سرگرمیاں قانونی ہیں اور ہم نے آئی اے ای اے کے ساتھ سب سے زیادہ تعاون کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی پروگرام تو صرف ایک بہانہ ہے حقیقت یہ ہے کہ مغرب ہماری آزادی کے خلاف ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ایران اپنے جوہری پروگرام میں توسیع کرے گا تو انہوں نے کہا کہ نہیں ایران ایسا نہیں کرے گا۔ احمدی نژاد نے صحافیوں کو بتایا کہ عالمی طاقتوں کی کوئی بھی پیشکش ایران کو یورینیم کی افزودگی روکنے کیلئے قائل نہیں کرسکتی، تہران کے ایٹمی پروگرام میں کوئی بریک یا ریورس گیئر نہیں، اپنے راستے پر چلتے رہیں گے۔ انہوں نے الزام لگایا ہے کہ عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے امریکا کے حکم پر اپنی رپورٹ میں بعض ایسی چیزیں درج کی ہیں جو ایجنسی کے قواعد و ضوابط کے بالکل خلاف ہیں، اس طرح کے طرز عمل سے عالمی ایجنسی کی ساکھ بری طرح متاثر ہو گی۔ 
علاوہ ازیں این این آئی کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے رکن حشمت اللہ فلاح نے کہا ہے کہ ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی امریکا کے مفادات کے لئے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف ایسے اقدامات کئے جا رہے ہیں جن کی آئی اے ای اے کے معائنوں اور رپورٹیں تیار کرنے کی پوری تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

خبر کا کوڈ : 77505
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

Pakistan
very intresting
Kuwait
Great Post..
ہماری پیشکش