1
Tuesday 15 Oct 2019 21:48

کوہستان کے تعلیم افسر کے قتل کیخلاف صوبہ بھر میں احتجاجی مظاہرے

کوہستان کے تعلیم افسر کے قتل کیخلاف صوبہ بھر میں احتجاجی مظاہرے
اسلام ٹائمز۔ کوہستان میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر کے قتل کے خلاف صوبہ بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ دو روز قبل کولئی پالس میں قتل کئے جانے والے تعلیم افسر نواب علی کے قتل کے خلاف آل ایجوکیشن کوآرڈینیشن کونسل کے زیرِ اہتمام صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ اس سلسلے میں شانگلہ کے مرکزی شہر بشام میں ایک بڑا مظاہرہ کیا گیا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں عوام اور طلبہ نے شرکت کی۔ مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور مقامی لوگوں نے مطالبہ کیا کہ ڈی ای او کے قتل کے مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات شامل کی جائیں، قتل میں ملوث ملزمان، بعد میں تعاون کرنے والے افسران اور مقامی سیاسی لوگوں کو سخت سے سخت سزائیں یقینی بنائی جائیں۔ علاوہ ازیں شانگلہ میں آج تمام سکولوں کے سامنے طلبہ نے احتجاجی مظاہرے کئے اور صوبائی حکومت سے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ اس کے علاوہ مردان پریس کلب کے سامنے بھی ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں ضلعی تعلیم افسر ذوالفقار الملک اور آل ایجوکیشن کوآرڈینیشن کونسل کے چیئرمین حافظ زبیر احمد کے علاوہ اساتذہ، طلبہ اور عام عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مردان کے تعلیم افسر نے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اساتذہ اور محکمہ تعلیم کے دیگر افسران کا تحفظ یقینی بنائے، اس کے علاوہ پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان،بنوں، چکدرہ اور لکی مروت سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں بھی نواب علی کے قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ دو روز قبل اطلاع موصول ہوئی کہ شانگلہ کے علاقے چکیسر سے تعلق رکھنے والے کولئی پالس کے ڈی ای او نواب علی نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر خودکشی کر لی، تاہم اس کے کچھ ہی دیر بعد ڈی پی او کی جانب سے بیان جاری ہوا کہ نواب علی نے خودکشی نہیں کی بلکہ انہیں فائرنگ کر کے قتل کیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 822249
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش