0
Sunday 20 Oct 2019 11:12

ایک کروڑ کشمیریوں کی زندگیاں بچانے کیلئے جہاد کا اعلان کیا جائے، ذکراللہ مجاہد

ایک کروڑ کشمیریوں کی زندگیاں بچانے کیلئے جہاد کا اعلان کیا جائے، ذکراللہ مجاہد
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ اقوام عالم نے کشمیریوں کیلئے کچھ نہیں کیا، اس لیے اب ہمیں زیادہ توقعات عالمی برادری سے نہیں رکھنی چاہیں، بھارت لاتوں کا بھوت ہے وہ باتوں سے ماننے والا نہیں، ایک کروڑ انسانی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہے، جو مسلسل سوا دو ماہ سے کرفیو میں ہیں، خوراک، ادویات اور بچوں کے دودھ کی شدید قلت ہے اس لیے کشمیریوں کی زندگیوں کو بچانے کیلئے جہاد کا اعلان کیا جائے۔ حکومت پاکستان فوری طور پر جہاد کا اعلان کرے پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں ملاقات کرنیوالے عہدیداروں سے گفتگو میں کیا۔ ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ کشمیری مسلمان ستر سال سے تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں، کشمیریوں نے ایک دن کے لیے بھی بھارت کے غاصبانہ تسلط اور غلامی کو قبول نہیں کیا اور جدوجہد آزادی میں لازوال قربانیاں دے رہے ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ  استصواب رائے کشمیریوں کا جمہوری حق ہے لیکن بھارت کشمیر میں جمہوریت کا قتل کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت 70 سال سے مظلوم و نہتے کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہا ہے لیکن تمام تر جبرو تشدد اور ریاستی و فوجی دہشتگردی کے باوجود کشمیریوں کے اندر موجود جذبہ آزادی اور شوق شہادت ختم نہیں کر سکا۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کے مسلمان مقبوضہ کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضہ کیخلاف سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔ حق خودارادیت اور آزادی کشمیریوں کا پیدائشی اور بنیادی حق ہے، جس کے حصول کے لیے کشمیریوں سمیت پوری پاکستانی قوم کو متحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی درحقیقت تکمیل پاکستان کی جدوجہد ہے۔
خبر کا کوڈ : 823028
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش