0
Tuesday 5 Jul 2011 23:11

دوہری شہریت والے آئندہ انتخابات میں حصہ نہیں لے سکیں گے، الیکشن کمیشن

دوہری شہریت والے آئندہ انتخابات میں حصہ نہیں لے سکیں گے، الیکشن کمیشن
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ الیکشن کمیشن نے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی میں شہریت کا کالم بنانے کا فیصلہ کر لیا۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ دوہری شہریت رکھنے والے آیٔندہ انتخابات میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ جعلی ڈگریوں کے بعد الیکشن کمیشن کے ایک اور فیصلے نے کئی ارکان پارلیمنٹ کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے ایسے افراد کے الیکشن لڑنے پر پابند ی عائد کر دی گئی، جو پاکستان کے علاوہ کسی اور ملک کی شہریت کے حامل ہیں۔ آئندہ کسی بھی انتخاب میں حصہ لینے سے قبل امیدوار کو کاغذات نامزدگی میں اپنی شہریت کی تفصیلات بھی مہیا کرنا ہونگی، جسکے لئے نامزدگی کے فارم میں خصوصی کالم بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ آئین میں پہلے سے یہ شق موجود ہے کہ ایسا شخص انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتا، جو پاکستان کے علاوہ کسی اور ملک کی شہریت رکھتا ہو۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ اسمبلیوں میں بیٹھے دوہری شہریت کے حامل ارکان کا کیا ہو گا اور کیا ایسے ارکان کی فہرست مرتب کر لی گئی ہے، تو بات گول کر دی گئی۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے قانون سازی کی ضرورت ہے۔
 اشتیاق احمد کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے اٹھارہویں ترمیم کے بعد ضمنی انتخابات آئین کے مطابق کرائے ہیں۔ آئین کے تحت الیکشن کمیشن کی تشکیل سے قبل چیف الیکشن کمشنر اتھارٹی ہوتا ہے۔ اس سے قبل الیکشن کمیشن میں ایک اعلٰی سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیف الیکشن کمشنر، کمیشن کے چاروں ارکان، چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز اور چیئرمین نادرا نے شرکت کی۔ اجلاس میں آٹھ کروڑ ووٹرز کی تصدیق کیلئے گھر گھر مہم کا لائحہ عمل طے کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 83180
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش