0
Friday 13 Dec 2019 15:01

سندھ حکومت نے سرکاری افسران کو بغیر اجازت میڈیا پر آنے سے روک دیا

سندھ حکومت نے سرکاری افسران کو بغیر اجازت میڈیا پر آنے سے روک دیا
اسلام ٹائمز۔ حکومت سندھ نے اپنی تمام وزارتوں اور محکموں کے سربراہوں اور افسران کو مجاز اتھارٹی کی پیشگی اجازت کے بغیر میڈیا پر صوبائی پالیسیوں سے متعلق بات نہ کرنے کی ہدایت کردی۔ نجی اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ متعلقہ اداروں کے سربراہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کی نمائندگی کرنے والا کوئی بھی اہلکار مجاز اتھارٹی کی پیشگی اجازت کے بغیر میڈیا پر حکومتی پالیسیوں پر تبصرہ نہ کرے۔ مراسلے میں کہا گیا کہ بعض سرکاری افسران، سرکاری ملازمین ٹیلی ویژن پر ٹاک شوز، پروگراموں میں حصہ لیتے ہیں، (جس میں) وہ متعلقہ مجاز اتھارٹی کی پیشگی اجازت کے بغیر اپنی رائے یا خیالات پیش کررہے ہیں جو کہ قواعد کے خلاف ورزی ہے۔

صوبائی انتظامیہ کے ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے مذکورہ مسئلے کا نوٹس اس وقت لیا جب ان کے علم میں آیا کہ بعض سرکاری افسران طے شدہ قواعد پر عمل نہیں کررہے جبکہ انہیں ذاتی یا سرکاری طور پر مطلع کیا گیا۔ اعلامیہ میں سندھ گورنمنٹ رولز 1986ء کا تذکرہ موجود تھا، جس کے تحت کوئی بھی سرکاری ملازم مجاز اتھارٹی کی پیشگی اجازت کے بغیر ذرائع ابلاغ پر سرکاری پالیسی، ریکارڈ یا فرائض سے متعلق بیان نہیں دے گا۔ علاوہ ازیں اعلامیہ میں رول 56 میں تذکرہ تھا جس میں درج ہے کہ متعلقہ وزیر اور ادارے کا سیکریٹری یا اس طرح کے دوسرے افسر کے علاوہ کوئی بھی شخص حکومت کے سرکاری ترجمان کے طورپر کام کرنے کا مجاز نہیں ہوسکتا۔

واضح رہے کہ سرکاری ملازم (قواعد) رولز 1964ء کی شق 22 اور سندھ سول سرونٹ (قواعد) 2008ء کی شق 23 پابند کرتی ہے کہ کوئی سرکاری ملازم کسی بھی دستاویز، عوامی تقریر، ریڈیو نشریات یا ٹیلی ویژن پروگرام میں شرکت کرکے کسی معاملے پر حقائق یا رائے کا اظہار نہیں کرسکتا جو وفاق یا صوبائی حکومت کے لئے باعث شرمندگی ہو۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ متعلقہ حکام نے اس معاملے پر سنجیدگی سے تمام متعلقہ عہدیداروں اور حکام کو ہدایت کردی کہ پیشگی اجازت کے غیر کسی کو میڈیا پر پالیسی سے متعلق رائے دینے سے روک دیں۔
خبر کا کوڈ : 832477
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش