0
Friday 13 Dec 2019 20:55

پنجاب ہیلتھ پروفیشنلز سکیورٹی بل جلد منظور کرنے کا فیصلہ

پنجاب ہیلتھ پروفیشنلز سکیورٹی بل جلد منظور کرنے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس ایوان وزیراعلیٰ لاہور میں ہوا جس میں پی آئی سی میں ہنگامہ آرائی کیس پر ہونیوالی پیشرفت اور ہسپتال کو فنکشنل کرنے کیلئے کئے جانیوالے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر پنجاب حکومت نے ہسپتالوں، ڈاکٹروں اور عملے کے تحفظ کیلئے قانون سازی کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلی پنجاب نے ہدایت کی کہ ہیلتھ پروفیشنلز سکیورٹی بل کو کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی کو بھی ہسپتالوں میں ڈاکٹروں، عملے یا مریضوں پر تشدد کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی ایمرجنسی کو رات تک فنکشنل کرنے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں، ایمرجنسی کی بندش سے دل کے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی کو جلد سے جلد مریضوں کیلئے کھولنا پہلی ترجیح ہے، ہنگامہ آرائی کے ذمہ داروں کیخلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی جاری ہے، قانون ہاتھ میں لینے والے شرپسند عناصر سے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔ اس کیس میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہر شخص کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا جبکہ اجلاس میں وزیراعلی کو بریفنگ دی گئی کہ پی آئی سی کی بحالی کیلئے دن رات کام ہو رہا ہے، امید ہے کہ آج رات تک ایمرجنسی سروسز کو بحال کر دیا جائے گا۔ اجلاس میں صوبائی وزراء راجہ بشارت، ڈاکٹر یاسمین راشد، فیاض الحسن چوہان، محمد ہاشم ڈوگر، تیمور بھٹی، انصر مجید خان نیازی، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، سیکرٹری قانون، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، کمشنر لاہور ڈویژن، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب، سیکرٹری اطلاعات، سی سی پی او لاہور اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے حکام نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 832541
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش