0
Tuesday 14 Jan 2020 18:26

جنرل قاسم سلیمانی کی تعزیت کیلئے ملی یکجہتی کونسل کا وفد ایران روانہ

جنرل قاسم سلیمانی کی تعزیت کیلئے ملی یکجہتی کونسل کا وفد ایران روانہ
اسلام ٹائمز۔ ملی یکجہتی کونسل کا اعلٰی سطحی وفد لاہور سے ایران روانہ ہوگیا۔ وفد میں جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ، جمعیت علمائے پاکستان (نورانی) کے سید صفدر گیلانی، علامہ عارف حسین واحدی، سید ثاقب اکبر و دیگر شامل تھے۔ دینی جماعتوں کے قائدین پر مشتمل ملی یکجہتی کونسل کا یہ وفد ایران میں حکومت کی اعلٰی قیادت سے ملاقات کرکے ان سے جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت پر اظہار تعزیت کرنے کے علاوہ ایرانی عوام کو امریکی حملے کیخلاف پاکستانی قوم کے جذبات سے آگاہ کرے گا۔ ملی یکجہتی کونسل کے پیر کو منصورہ میں ہونیوالے سربراہی اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ دینی جماعتوں کے قائدین کا وفد پاکستان میں ایران اور سعودی عرب کے سفیروں سے ملاقات کرکے انہیں اس بات پر آمادہ کرے گا کہ ایران اور سعودی عرب اپنے باہمی مسائل حل کریں، تاکہ امت مسلمہ کا اتحاد سامنے آسکے۔ دینی جماعتوں کا وفد دونوں ممالک کے سفیروں کو پاکستان کی عوام میں اتحاد بین المسلمین کے حوالے سے پائے جانیوالے قابل رشک جذبات سے بھی آگاہ کرے گا۔

دونوں برادر اسلامی ممالک کے سفیروں کو منفرد، قابل رشک اور تاریخ ساز و غیر سیاسی اتحاد ملی یکجہتی کونسل کے حوالے سے بھی تفصیلاً آگاہ کیا جائے گا، جس کے پلیٹ فارم سے کی جانیوالی سرگرمیوں کی بدولت پاکستان سے فرقہ وارانہ کشیدگی کا مکمل خاتمہ ہوگیا، تمام مکاتب فکر کی نمائندہ جماعتیں اور قیادتیں اتحاد و وحدت کی عملی تصویر بن گئیں۔ رابطہ کرنے پر ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ صاحبزادہ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر نے ”اسلام ٹائمز“ سے بات چیت کے دوران تصدیق کی کہ ملی یکجہتی کونسل کا وفد ایران روانہ ہوگیا ہے، جبکہ ملی یکجہتی کونسل کی قیادت سعودی عرب اور ایران کے سفیروں سے بھی ملاقات کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ایران کے سفیر سے ملاقات کا وقت مل گیا ہے جبکہ سعودی عرب کے سفارت خانے سے ملاقات کے حوالے سے رابطہ کیا جائیگا۔
خبر کا کوڈ : 838438
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش