1
Monday 17 Feb 2020 23:58
گرتی امریکی معیشت

امریکی سکیورٹی ایجنسیاں عالمی سطح پر ڈالر کی قیمت میں ممکنہ شدید کمی سے پریشان

امریکی سکیورٹی ایجنسیاں عالمی سطح پر ڈالر کی قیمت میں ممکنہ شدید کمی سے پریشان
اسلام ٹائمز۔ امریکی قومی انٹیلیجنس ایجنسی (US National Intelligence) نے امریکی ماہرین کو عالمی مالیاتی نظام میں ڈالر کی قیمت میں ممکنہ کمی کا جائزہ لینے کی دعوت دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ کی اہم ترین انٹیلیجنس ایجنسی "قومی انٹیلیجنس" جو تمام امریکی انٹیلیجنس ایجنسیز کو آپس میں مرتبط کرتی اور امریکی حکومت کیلئے اسٹریٹیجی بناتی ہے، نے عالمی سطح پر امریکی ڈالر کو لاحق خطرات سے خبردار کرتے ہوئے امریکی مالیاتی ماہرین کو دعوت دی ہے کہ وہ ان خطرات سے نمٹنے کیلئے فوری طور پر تجاویز دیں۔

امریکی سائنس و ایجوکیشن انسٹیٹیوٹ ایکریج کیطرف سے منتشر ہونیوالے امریکی قومی انٹیلیجنس (National Intelligence) کے اس بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی ڈالر کو بین الاقوامی سطح پر دوسرے ممالک کی ریزرو کرنسی کے طور پر ذخیرہ کئے جانے کے حوالے سے خطرات لاحق ہیں، جن کے حل کیلئے امریکی مالیاتی ماہرین کو اپنی آراء پیش کرنے کی دعوت دی جاتی ہے۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ چین جیسے دوسرے ممالک کی معیشت کے ترقی کر جانے اور بازار میں ورچوئل کرنسی کے آجانے کی وجہ سے عالمی سطح پر ڈالر کا تسلط ختم ہوتا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر کے ممالک کیطرف سے ڈالر کو اپنے قومی ریزرو فنڈ کے طور پر ذخیرہ کئے جانے کی بناء پر امریکہ کو عالمی مالیاتی نظام پر مختلف قسم کی بالادستیاں حاصل ہیں، جن میں ڈالر کے استحکام کے علاوہ دنیا بھر کے ممالک، کمپنیوں اور افراد پر اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کی صلاحیت سرفہرست ہے اور اسی بناء پر امریکی حکومت دنیا بھر کی حکومتوں، مالیاتی اداروں، کمپنیوں اور اہم مالیاتی شخصیات کو اپنی خواہش کے مطابق عملدرآمد کرنے پر مجبور بھی کرتی ہے۔

دوسری طرف ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈالر کو جہاں یہ فوائد حاصل ہیں، وہیں اسے عالمی سطح پر ایک انتہائی شدید خطرہ بھی لاحق ہے اور وہ یہ کہ اگر ان ممالک کی معیشت، جنہوں نے ڈالر کو بطور ریزرو فنڈ کے ذخیرہ کر رکھا ہے، چین کیطرح ترقی کر جائے اور وہ ڈالر کو اپنے ریزرو فنڈ سے نکال کر امریکی بینکوں کو واپس کر دیں تو اس کے بدلے امریکی بینکوں کو حقیقی قیمت چکانا ہوگی، جبکہ کمزور ہوتی امریکی معیشت اس کی متحمل نہیں ہوسکتی اور یہ امر عالمی سطح پر ڈالر کو کسی بھی دوسری کرنسی کے مقابلے میں بری طرح گرا سکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 845176
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش