0
Thursday 14 Jul 2011 16:10

کراچی میں کشیدگی کے باعث رینجرز اہلکار سمیت 15 ہلاک

کراچی میں کشیدگی کے باعث رینجرز اہلکار سمیت 15 ہلاک
کراچی:اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے سب سے بڑے کاروباری مرکز کراچی میں گزشتہ رات سے جاری فائرنگ اور جلاؤ گھیراؤ کے واقعات کے بعد آج جمعرات کو کاروبار اور پبلک ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند ہے جب کہ جامعات میں آج ہونے والے پرچے ملتوی کر دیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سندھ کے سنیئر صوبائی وزیر ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے بیان کے بعد سے شروع ہونے والی کشیدگی شہر کے مختلف علاقوں میں بدستور جاری ہے اور پرتشدد واقعات میں اب تک رینجرز اہلکار سمیت 15 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ہے، پولیس کانسٹیبل سمیت 30 سے زائد زخمی بھی مختلف سرکاری و نجی طبی مراکز میں داخل کرائے گئے ہیں، جبکہ 24 چھوٹی بڑی گاڑیاں اور 7 سے زائد دکانیں جلا دی گئیں ہیں۔
پولیس نے سول اسپتال میں 4، جناح اسپتال میں 4 اور عباسی شہید اسپتال میں 2 افراد کی لاشیں لانے کی تصدیق کی ہے۔ مختلف علاقوں میں شرپسندوں کی فائرنگ کے بعد پیٹرول پمپس، سی این جی اسٹیشن، ہوٹلز اور دکانیں بند ہو گئیں ہیں۔ ناظم آباد، گولیمار، لیاقت آباد، شاہ فیصل کالونی، فیڈرل بی ایریا، ابوالحسن اصفہانی روڈ، انچولی سوسائٹی اور اولڈ سٹی ایریاز میں شدید فائرنگ جاری ہے جس کے باعث علی الصبح کھلنے والی دودھ اور دہی دکانیں بھی بند ہوگئیں، شہریوں میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ کراچی کے تاجروں اور ٹرانسپورٹرز نے شہر کی مخدوش صورتحال کے پیش نظر آج مکمل طور پر کاروبار بند رکھنے کا اعلان کیا ہے جب کہ جامعہ کراچی، وفاقی اردو یونیورسٹی، علامہ اقبال یونیورسٹی و دیگر اداروں کی انتظامیہ نے آج ہونے والے تمام پرچے منسوخ کر دیئے ہیں۔
شہر میں جلاؤ گھیراؤ کے باعث مسافر اور پاکستان ایئر لائن کے عملے کے ارکان ایئر پورٹ نہیں پہنچ سکے، پی آئی اے کی 7 پروازیں منزل کی جانب روانہ نہ ہو سکیں۔ متاثرہ علاقوں میں پولیس و رینجرز نے گشت شروع کر دیا ہے اور صبح کو بھی 9 مبینہ شرپسندوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ اندرون سندھ بھی ذوالفقار مرزا کے بیان کے بعد سخت کشیدگی پائی جاتی ہے، لاڑکانہ، نوڈیرو، سکھر کے علاقوں چوک میانی اور غریب آباد، شکار پور، ٹنڈوالہ یار، میر پور خاص کے علاقوں میں بھی فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ نے ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے بیان کے بعد آج ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کی کال دے رکھی ہے۔
خبر کا کوڈ : 84951
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش