0
Thursday 23 Apr 2020 23:43
حکومت کورونا وائرس کے مسئلے کو غیرسنجیدگی سے ڈیل کر رہی ہے

کورونا جیسے معاملے پر متفقہ قومی بیانیے کی ضرورت ہے، حکومت اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلے، سراج الحق 

کورونا جیسے معاملے پر متفقہ قومی بیانیے کی ضرورت ہے، حکومت اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلے، سراج الحق 
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ موجودہ اور سابقہ حکمران ہیلتھ سیکٹر کی تباہی کے ذمہ دار ہیں، حکومتیں اپنے حصے کا کام کرتیں تو ہم طبی آلات کے لئے امریکہ کی طرف نہ دیکھتے، حکومتیں جب بھی فنڈز قائم کرتی ہیں، ان کی تقسیم کا کوئی پتہ نہیں چلتا، کورونا وائرس کی وجہ سے پوری انسانیت مشکل میں ہے، حکومت کی جانب سے جاری کردہ امداد ابھی تک 25 فیصد متاثرین تک بھی نہیں پہنچ سکی، وزیراعظم کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے نیشنل ایکشن پلان بناتے تو آج حکومت اور اپوزیشن ایک پیج پر ہوتیں، کشمیر میں بھارتی فوج کورونا وائرس کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے، کشمیر میں مسلسل لاک ڈاون اور بھارت میں ہونے والے مظالم پر او آئی سی کا اجلاس بلایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دار ارقم سکول میں جماعت اسلامی والخدمت فاونڈیشن کی طرف سے معذور افراد میں راشن کی تقسیم کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیرجنوبی پنجاب راو محمدظفر، امیر ضلع ملتان ڈاکٹر صفدر ہاشمی، الخدمت فانڈیشن جنوبی پنجاب کے صدر ڈاکٹر اشرف علی عتیق، جنرل سیکرٹری صہیب عمار صدیقی، چودھری اطہر عزیز ایڈووکیٹ، کنور محمد صدیق اور حسان اخوانی بھی موجود تھے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ڈاکٹرز اور میڈیا کے لوگ فرنٹ لائنرز ہمارے ہیروز اور ٹائیگرز ہیں، نشتر ہسپتال میں 26 سے زائد ڈاکٹرز کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے، ڈاکٹرز اور ریسکیو ورکرز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے میں ملتان آیا ہوں، کورونا وائرس کے مسئلے پر فنڈز نہ ہونے سے ثابت ہوا ہے کہ حکومت کے پاس ہیلتھ ایمرجنسی کے لئے کچھ بھی نہیں ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ آئندہ بجٹ میں قدرتی آفات کا مقابلہ کرنے کیلئے صحت کے لئے خصوصی فنڈز مختص کئے جائیں، سائنس اور ٹیکنالوجی کے وزیر نے اعلان کیا ہے کہ ہم این 95 ماسک بنانے کے قریب ہیں، مگر ایسا ہوتا نہیں دکھائی دے رہا۔ ہم دعا کرتے ہیں کہ ایسا ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے چین کے طریقہ
کار کو اپنانے کی بجائے اٹلی کے طرز عمل کو اپنایا، غیرسنجیدگی پر اٹلی کو نقصان اٹھانا پڑا۔ کہا جا رہا ہے کہ کورونا 6 ماہ مزید رہے گا مگر حکومت کی کوئی تیاری نہیں، حکومت کورونا وائرس کے مسئلے کو غیرسنجیدگی سے ڈیل کر رہی ہے، ڈاکٹرز کہہ رہے ہیں حکومت سنجیدہ نہ ہوئی تو اسپتال
بھر جائیں گے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کورونا جیسے معاملے پر متفقہ قومی بیانیے کی ضرورت ہے، حکومت اپوزیشن کو اکٹھا کرے اور سب کو ساتھ لے کر چلے، ڈاکٹرز کے پاس ابھی تک سیفٹی کٹس نہیں ہیں اور وہ احتجاج کر رہے ہیں، اگر ڈاکٹر خود محفوظ نہیں ہوں گے تو مریضوں کی کیا خدمت کریں گے، حکومت انا اور غرور سے باہر نکلے اور اپنے رویے میں تبدیلی لائے، علاج اور تعلیم حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تکبر سے باہر نکلے اور توبہ استغفار کرے۔ حکومت اسلامی نظام کا نفاذ کرے اور ملک سے سود کو اکھاڑ کر پھینک دے۔ ملک میں ٹائیگر فورس کی کوئی ضرورت نہیں ہے، اس سے صرف حکومتی نمائندوں کے حلقے مضبوط ہونگے جس کا اعلان وزیراعظم عمران خان خود بھی کر چکے ہیں۔ یہ وقت لوگوں کی خدمت کا ہے سیاست کا نہیں، جماعت اسلامی کے کارکنان گلی، محلوں کا دورہ کر کے ضرورت مندوں کا جائزہ لیتے اور راشن تقسیم کرتے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ سب کا بلاامتیاز احتساب ہو، نیب کوئی کام نہیں کر رہا، پانامہ لیکس کے کرداروں کا ابھی تک احتساب نہیں ہوا، نیب کو غیرجانبدار اور غیرسیاسی ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کراچی سے چترال تک ہمارے ایک لاکھ سے زائد کارکن خدمت پر مامور ہیں۔ 
خبر کا کوڈ : 858579
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش