0
Tuesday 28 Apr 2020 00:44

حکومت اصل مسائل پر توجہ دے، شوگر مافیا سے متعلق رپورٹ پبلک کی جائے، سراج الحق

حکومت اصل مسائل پر توجہ دے، شوگر مافیا سے متعلق رپورٹ پبلک کی جائے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت نئے بکھیڑوں میں پڑنے اور نان ایشوز کھڑے کرنے کی بجائے عوام کے مسائل حل کرنے کی طرف توجہ دے۔ نان ایشوز میں قوم کو الجھانا اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے جو کامیاب نہیں ہوگی۔ حکومت عوام کے ساتھ کیے گئے وعدوں کو پورا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ سے جاری اپنے بیان میں کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ رمضان شروع ہوتے ہی مہنگائی کے طوفان نے لوگوں کے اوسان خطا کر دیے ہیں۔ سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں سو فیصد سے بھی زیادہ اضافہ ہو چکا ہے۔ عوام کی مشکلات اور پریشانیاں مسلسل بڑ ھ رہی ہیں لیکن حکومت مہنگائی ختم کرنے اور رمضان میں عوام کو ریلیف دینے کی بجائے نان ایشوز کو اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت حکومت کو اپنی تمام تر توجہ لوگوں کے لیے سحری اور افطاری کے انتظام میں آسانیاں پیدا کرنے اور اشیائے خوردنوش کی آسان اور ارزاں قیمتوں پر فراہمی کی طرف ہونی چاہیے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ وزیر اعظم نے قوم سے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ وہ آٹا اور چینی کا بحران پیدا کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔ آٹا چینی سکینڈل کی فرانزک رپورٹ نہ آنے کی وجہ سے عوام کو سخت مایوسی ہوئی ہے لوگ سمجھ رہے ہیں کہ حکومت اس بار بھی یوٹر ن لینے پر مجبور ہوگئی ہے اور آٹا چینی مافیا کو کنٹرول کرنا یا انصاف کے کٹہرے میں لانا حکومت کے بس کی بات نہیں۔ دریں اثنا حماس کے سربراہ خالد مشعل نے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کو فون کرکے نائب امیر جماعت اسلامی و ڈائریکٹر امور خارجہ عبد الغفار عزیز کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ خالد مشعل سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان سمیت پورا عالم اسلام اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہے۔ فلسطین اور قبلہ اول کی آزادی کے لیے جدوجہد کرنا عالم اسلام کے ہر مسلمان پر فرض ہے۔ اسرائیل ناجائز ریاست ہے اور یہودیوں نے فلسطین پر غاصبانہ قبضہ کررکھا ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ فلسطین کو یہودیوں کے چنگل سے آزاد کرانے کے لیے ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ والہانہ محبت کرتے ہیں۔ قبلہ اول کی آزادی کی جدوجہد میں فلسطینی تنہا نہیں ہیں۔ پاکستان کے عوام ان کے ساتھ ہیں اور فلسطین کی آزادی تک ساتھ رہیں گے۔ خالد مشعل نے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستانی عوام نے ہمیشہ فلسطینیوں کے ساتھ محبت کا اظہار کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 859385
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش