0
Tuesday 2 Jun 2020 11:27

فواد چوہدری نے لاپرواہی و غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا، فیاض چوہان

فواد چوہدری نے لاپرواہی و غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا، فیاض چوہان
اسلام ٹائمز۔ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کہتے ہیں کہ حسب سابق فواد چوہدری نے تھوڑی سی لاپرواہی اور غیر ذمے داری کا ثبوت دیا ہے۔ ایک بیان میں وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض چوہان نے وفاقی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ فواد چوہدری میڈیا پر خبر چلائے بغیر وزیراعظم عمران خان سے ملاقات اور مطالبہ کرسکتے تھے، نواز شریف کے ٹیسٹ پنجاب حکومت نے نہیں کرائے، ٹیسٹ ان کے اپنے ہوتے تھے۔ فیاض چوہان نے کہا کہ میڈیکل بورڈ میں پنجاب حکومت اور شوکت خانم اسپتال کے ڈاکٹرز بھی تھے، جو ان رپورٹس پر رائے دیتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے ٹیسٹ ان کے اپنے چینل، اینگل اور لیبارٹری سے ہوتے تھے، سابق وزیراعظم کے ٹیسٹ پنجاب کی سرکاری لیبارٹری سے نہیں ہوئے تھے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ فواد چوہدری سے پوچھیں کہ میڈیا میں ڈھول بجا کر یہ معاملہ کھڑا کیا، ان کا مقصد کیا تھا؟ وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی سے پوچھیں یہ نواز لیگ کو شرمندہ کرنا چاہتے تھے یا مقصد کچھ اور تھا۔؟

انہوں نے کہا کہ نوازِ شریف کو باہر جانے کی اجازت پنجاب حکومت نے نہیں، عدالتوں نے دی، ایک عدالت نے نواز شریف کی ضمانت لی، جبکہ دوسری عدالتِ عالیہ نے ان رپورٹس پر باہر جانے کی اجازت دی۔ وزیرِ اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کا اوّل اور آخر فیصلہ نہیں، اس میں عدالتیں بھی ہیں، ہم تو بعد میں ہیں، پہلے تو یہ عدالت کے مجرم ہیں۔ فیاض الحسن چوہان کا یہ بھی کہنا ہے کہ نوازِ شریف پوری ڈھٹائی کے ساتھ دندناتے پھر رہے ہیں، صحت مند ہیں، برطانوی لیب کی رپورٹ پیش نہیں کر رہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان کو وفاقی وزیرِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے خط لکھا ہے، جس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے پاکستان میں ہونے والے ٹیسٹوں کے بارے میں تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے خط لکھ کر وزیرِاعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے پاکستان میں کیے گئے ٹیسٹس کی رپورٹس جعلی ہیں، اس کی تحقیقات کی جائیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ برطانیہ میں سامنے آنے والی تصاویر میں سابق وزیراعظم کی حالت اچھی نظر آرہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 866124
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش