0
Tuesday 9 Jun 2020 11:57

بدقسمتی سے بلوچستان کے حقوق کا کوئی پاسدار نہیں ہے، مولانا عبدالواسع

بدقسمتی سے بلوچستان کے حقوق کا کوئی پاسدار نہیں ہے، مولانا عبدالواسع
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا عبد الواسع نے کہا ہے کہ بلوچستان کے حقوق ہڑپ کرنے کے لئے اٹھارویں ترمیم اور این ایف سی کو چھیڑا جارہا ہے، بدقسمتی سے بلوچستان کے حقوق کا کوئی پاسدار نہیں ہے، کٹھ پتلیوں میں حقوق کی جنگ لڑنے کی صلاحیت تو دور کی بات ہے ان کو یہ بھی معلوم نہیں کہ بلوچستان کے حقیقی مسائل اور ایشوز کیا ہیں۔ انہوں نے کہا بیرونی آقاؤں کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے سلیکٹڈ حکمران ملک کو نظریاتی طور پر تباہی کی طرف لے جارہے ہیں، دنیا بھر میں کشکول لے کر پھرنے اور ڈیم سمیت مختلف ناموں پر چندہ اکھٹا کرنیکے باوجود بجٹ بنانے کیلئے ان کے پاس کچھ نہیں۔ لاکھوں نوجوانوں کو روزگار دینے والوں نے لاکھوں بے روزگار کرکے معیشت کا بھی بیڑا غرق کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ملک کا ہر شہری بھیک مانگنے اور فاقہ کشی پر مجبور ہے آخر کب تک مختلف اور نام نہاد نعروں کے سہارے قوم کو گمراہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا عوام کو سبز باغ دکھانے والے حکمرانوں نے ملک کی تباہی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، جو وعدے کئے اس سے روگردانی کرکے مہذب جمہوری دنیا کی سیاست کو بدنام کیاگیا۔ کرونا وائرس کے حوالے سے پورے ملک میں غفلت برتی گئی آج عوام کرونا مریضوں کے جنازے اٹھا اٹھا کر تھک گئے ہیں مگر حکومت محلاتی سازش میں مصروف ہے، لاکھوں نوکریاں دینے والے اسٹیل مل ملازمین کا معاشی قتل کرچکی ملک کو بحرانوں کی دلدل میں پھنسا کر اب جان چھڑانے کیلئے مختلف قسم کے ڈرامے کئے جارہے ہیں۔ عمران خان بحیثیت وزیراعظم حواس باختگی کا شکار ہیں۔ صبح و شام ان کے بیانات میں تضاد پایا جاتا ہے۔ اسی طرح ہمارے بلوچستان کی نااہل حکومت نے عوام کو اپنی زندگیوں سے بیزار کرنے کا ماحول بنانے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی وقت آنے پر عوامی سیلاب جمعیت علماء اسلام کے پلیٹ فارم سے جواب دے گا۔
 
خبر کا کوڈ : 867497
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش