0
Monday 29 Jun 2020 21:37

بھارت اسرائیل کی طرز پر کشمیریوں پر ظلم و ستم کر رہا ہے، علامہ مقصود ڈومکی

بھارت اسرائیل کی طرز پر کشمیریوں پر ظلم و ستم کر رہا ہے، علامہ مقصود ڈومکی
اسلام ٹائمز۔ کشمیر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام کشمیر کے مظلوم مسلمانوں سے یکجہتی کے لئے اور نائجیریا کے انقلابی رہنماء علامہ ابراہیم زکزاکی اور ان کی اہلیہ محترمہ کی آزادی کے لئے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ کشمیر میں مودی سرکار کے مظالم انتہائی افسوس ناک ہیں۔ انڈیا اسرائیل کی طرز پر کشمیریوں پر ظلم و ستم کر رہا ہے، کشمیر میں طویل عرصے سے کرفیو اور لاک ڈاؤن کی صورتحال کے سبب نظام زندگی مفلوج ہے۔ اقوام متحدہ کشمیر میں جاری ظلم و بربریت کا نوٹس لے۔

 انہوں نے کہا کہ عالمی شہرت یافتہ نائجیریا کے ممتاز انقلابی رہنماء علامہ ابراہیم ذکزاکی اور ان کی اہلیہ کو بلا جواز قید کیا گیا ہے، شیخ ذکزاکی عالمی سطح کے انقلابی رہنما ہیں۔ نائیجیرین حکومت کی جانب سے نائیجیریا کے سیاہ فام مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ ابراہیم ذکزاکی دنیا بھر کے کروڑوں انسانوں کے محبوب رہنما ہیں۔ نائیجیرین حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فی الفور علامہ ابراہیم ذکزاکی کو آزاد کرے۔ انہوں نے کہا کہ ابراہیم ذکزاکی گولیوں کی وجہ سے زخمی ہیں لہذا ان کے علاج کا بھی فی الفور بندوبست کیا جائے۔ نائجیریا کی حکومت کے مظالم کی وجہ سے ان کی ایک آنکھ بھی ضائع ہو چکی ہے اور ہمیں ان کی زندگی کے حوالے سے شدید تحفظات ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ عالمی ادارے دنیا بھر میں سیاہ فام انسانوں پر ہونے والے مظالم کا نوٹس لیں۔ اس موقع پر کشمیر فاؤنڈیشن کی رہنماء کوثر جعفری نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی ضرور کامیاب ہوگئی پاکستان کے عوام نے ہمیشہ کشمیر اور فلسطین کے مظلوموں کے حق میں آواز بلند کی ہے اور ان شاء اللہ کشمیر عنقریب آزاد ہوگا۔ انہوں نے اسرائیل کی جانب سے فلسطین کی بستیوں پر اسرائیلی قبضے کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم فلسطین کے عوام کی جدوجہد آزادی کی حمایت کرتے ہیں۔اس موقع پر احتجاجی مظاہرے سے آئی ایس او کوئٹہ ڈویژن کے صدر احسان علی کشمیر فاونڈیشن کے رہنما طفیل اکبر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 871578
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش