1
Friday 3 Jul 2020 18:27
مسلح جھگڑوں میں گھرے ممالک کے اندر کرونا کے اثرات بارے سلامتی کونسل کا اجلاس

غیر اخلاقی، غیر انسانی اور غیر قانونی امریکی پابندیاں سب سے بڑھکر مریضوں کو متاثر کر رہی ہیں، تخت روانچی

غیر اخلاقی، غیر انسانی اور غیر قانونی امریکی پابندیاں سب سے بڑھکر مریضوں کو متاثر کر رہی ہیں، تخت روانچی
اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل نمائندے مجید تخت روانچی نے کرونا کے اثرات بارے منعقد ہونے والے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یمن و شام سمیت کرونا وائرس و بین الاقوامی دہشتگردی سے متاثرہ ممالک پر عائد یکطرفہ امریکی پابندیوں پر شدید تنقید کی ہے۔ نیویارک میں منعقد ہونے والے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مجید تخت روانچی نے کہا کہ خطیر شرح اموات کے حامل کرونا وائرس کے تیز پھیلاؤ نے بین الاقوامی دہشتگردی کا شکار ممالک کی معیشت پر شدید منفی اثرات مرتب کئے ہیں جس کے باعث ان ممالک کی ڈھیروں ڈھیر مشکلات کے اندر کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل نمائندے مجید تخت روانچی نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کے دوران خطے، بالخصوص شام اور یمن کے اندر کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث پیش آنے والی مشکلات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان ممالک کی ناگفتہ بہ صورتحال، ہوائی اڈوں اور بندرگاہوں پر تازہ عائد کی جانے والی یکطرفہ امریکی پابندیوں کے باعث مزید ابتر ہو گئی ہے۔ مجید تخت روانچی نے کہا کہ ایک ہی وقت میں کرونا وائرس اور امریکی پابندیوں کا شکار ہونے کے باعث ایران بخوبی جانتا ہے کہ ملک کے اندر دواؤں اور طبی سازوسامان کی درآمد پر پابندی، کرونا وائرس کے مقابلے میں ممالک کو کس قدر کمزور بنا دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پابندیاں سب سے بڑھ کر مریضوں کو اپنا نشانہ بنا رہی ہیں جس سے معلوم ہو جاتا ہے کہ یکطرفہ امریکی پابندیاں کس قدر غیر اخلاقی، غیر انسانی اور غیر قانونی ہیں۔

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل نمائندے مجید تخت روانچی نے کہا کہ کرونا انسانیت کا مشترکہ دشمن ہے اور اس سے مقابلے کا واحد رَستہ عملی یکجہتی اور عالمی تعاون ہے جبکہ کسی بھی قسم کی یکطرفہ پابندیاں پوری دنیا کے لئے خطرناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گیوٹرس سمیت پوری دنیا کے سیاسی و مذہبی رہنماوؤں نے پابندیوں کے فی الفور خاتمے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔ مجید تخت روانچی نے اپنے خطاب میں اس بات پر تاکید کی کہ مسلح جھگڑوں کا شکار ممالک کے اندر کرونا وائرس کے اثرات کا جائزہ لئے جانے کے ساتھ ساتھ ان ممالک کے اوپر عائد یکطرفہ و غیرقانونی امریکی پابندیوں سے برآمد ہونے والے تباہ کن نتائج کا بھی بغور جائزہ لیا جانا چاہئے۔
خبر کا کوڈ : 872273
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش