0
Thursday 28 Jul 2011 20:00

عہدے عوام کی امانت ہیں، سید مہدی شاہ

عہدے عوام کی امانت ہیں، سید مہدی شاہ
گلگت:اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے دورہ داریل کے موقع پر عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علماء، عمائدین، پیپلز پارٹی کے جیالوں اور جے یو آئی کی خواہش پر داریل، کھنبری، ڈوڈی شال پر مشتمل سب ڈویژن کے قیام کا اعلان کرتا ہوں اور رمضان کے فوراً بعد سب ڈویژن کے افتتاح کیلئے بھی خود ہی داریل آوں گا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوام کی پیپلز پارٹی اور مجھ سے محبت دیکھ کر دل چاہتا ہے کہ بار بار آپ کے پاس آیا کروں، میں افواج پاکستان کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے بھی اس علاقے کی ترقی کیلئے بہت دلچسپی لی ہے، فورس کمانڈر کئی بار علاقے کا دورہ کرچکے ہیں اور بہت سارے کام کئے ہیں۔
 انہوں نے کہا کہ داریل میں پبلک سکول اور اسٹیڈیم کی تعمیر اور ہر سکول میں ایک ایک آئی ٹی ٹیچرز کی تعیناتی سمیت علاقے میں سڑکوں اور بجلی کی ضروریات جلد ہی پوری کر دی جائیں گی اور عوام کے مطالبات پر داریل کی ہر یونین کیلئے دو ہزار بوری گندم کے اضافی کوٹے کا بھی اعلان کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تانگیر میں 45 میگاواٹ کا بجلی گھر واپڈا تعمیر کر رہا ہے، کام کا آغاز جلد واپڈا کرے گا، اس پاور ہاوس کی تعمیر کے بعد دیامر کیلئے بجلی کا کوئی مسئلہ نہیں ہو گا۔ وزیراعلٰی گلگت بلتستان مہدی شاہ نے کہا کہ ہمیشہ علماء کی قدر کی ہے چاہے وہ کسی بھی مسلک سے تعلق رکھتے ہوں، ہم نے ہمیشہ علماء کا احترام کیا ہے اور آئندہ بھی علماء کی قدر کرتے رہیں گے اور ڈی سی دیامر کو حکم دیتا ہوں کہ چلاس میں علماء کے خلاف مقدمات کو ختم کیا جائے۔
 انہوں نے عوامی مطالبے پر جنگلات کے ورکنگ پلان اور کٹی لکڑی کے حوالے سے کہا کہ عوام کو تین ہفتوں کے اندر خوشخبری سنائیں گے، پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت عوام، مزدوروں، غریبوں، علماء اور کسانوں کی حکومت ہے ان کے مطالبات پیپلز پارٹی ہی پورا کر سکتی ہے، اس سے پہلے کئی چیف ایگزیکٹیو بنے، کئی ڈپٹی چیف بنے مگر کبھی کسی نے داریل آنے کی زحمت گوارا نہیں کی، داریل کے عوام کا جو بھی مسئلہ ہے ضرور حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرے وزیراعلٰی بننے میں ہر ایک کا تعاون حاصل ہے، عوام الیکشن کی مخالفت الیکشن تک محدود رکھیں اور آپس میں اتفاق و اتحاد اور بھائی چارے کی فضاء کو بحال رکھیں اور پائیدار امن قائم رکھیں، اگر اس سلسلے میں میرا کوئی کردار ہو تو ضرور ادا کروں گا، پاکستان پیلز پارٹی کے رہنماوں شہید بھٹو، محترمہ بی بی شہید کی محبت اور آصف علی زرداری کی گلگت بلتستان سے محبت اور خصوصی توجہ سے ہمیں صوبہ ملا ہے اور عوام کے مسائل گھر کی دہلیز پر حل ہو رہے ہیں، پولیس فورس کی تنخواہوں میں اضافہ بھی پیپلز پارٹی کا کارنامہ ہے، داریل کے عوام کا ہر دم احترام کرتا رہوں گا، یہ عہدے آپ کی امانت ہیں۔
خبر کا کوڈ : 87930
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش