1
Saturday 5 Sep 2020 23:51
اسرائیل-امارات دوستی معاہدہ

قرآن کے واضح اعلان کیمطابق اسرائیل کیساتھ دوستیاں بنانیوالے اسلام سے خارج ہو چکے ہیں، محمود الزہار

قرآن کے واضح اعلان کیمطابق اسرائیل کیساتھ دوستیاں بنانیوالے اسلام سے خارج ہو چکے ہیں، محمود الزہار
اسلام ٹائمز۔ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے مرکزی رہنما محمود الزہار نے عرب نیوز چینل المسیرہ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے عالمی استکباری قوتوں کے خلاف مزاحمت میں یمنی کردار کا خیرمقدم کیا اور یمن کے کردار کو فلسطین پر ہونے والے حالیہ حملوں کے حوالے سے بنیادی حیثیت کا حامل قرار دیا۔ محمود الزہار نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ مزاحمتی محاذ کے تمام دشمنوں کے ایک جگہ جمع ہو جانے کا مقصد اب واضح ہو کر سامنے آیا ہے کہا کہ اس وقت عرب صیہونی ازم بھی پوری طرح منظر عام پر آ گئی ہے جس نے نہ صرف صیہونی دشمن کو جواز فراہم کرنے کے لئے اپنی کمر کس رکھی ہے بلکہ وہ غاصب صیہونی دشمن کے خلاف برسرپیکار تمام اسلامی تحریکوں کے خلاف بھی مقابلے پر اتر آئی ہے۔

محمود الزہار نے اپنے انٹرویو میں تاکید کرتے ہوئے کہا کہ (غاصب صیہونی رژیم کے ساتھ) معمول کے تعلقات استوار کرنے کا مرحلہ زیادہ دیر نہیں چلے گا کیونکہ (اسرائیل کیساتھ دوستیاں استوار کرنے والے) ان ممالک کی حکومتیں ایک خاص شخص کے ساتھ وابستہ ہیں اور جیسے ہی وہ شخص حکومت سے علیحدہ ہو گا، خطے کے ممالک اپنے درست تاریخی مقام پر واپس آ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی تحریک آزادی (PLO) نے تاحال اپنی سیاست سے ہاتھ نہیں اٹھایا اور نہ ہی غاصب صیہونی رژیم کو تسلیم کرنے سے انکار کیا ہے لہذا اسی وجہ سے اس پر تکیہ نہیں کیا جا سکتا۔ حماس کے مرکزی رہنما نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ سعودی شاہی رژیم نے غاصب صیہونی رژیم کے لڑاکا طیاروں کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے رکھی ہے کہا کہ یہ ایک انتہائی خطرناک اقدام ہے جبکہ مکہ مکرمہ اسلام کی ایک انتہائی اہم علامت ہے۔

فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے مرکزی رہنما محمود الزہار نے اپنے انٹریو کے آخری حصے میں زور دیتے ہوئے کہا کہ دشمن اسرائیل کے ساتھ معمول کے تعلقات استوار کرنے والے قرآن کریم کی واضح "نص" کے مطابق؛ یہودی اور دینِ اسلام سے خارج ہیں۔ انہوں نے اس حوالے سے مزاحمتی محاذ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ مزاحمتی فورسز کو چاہئے کہ وہ اپنے مقاصد اور اصول کے مطابق ایک دوسرے کے ساتھ اتفاق نظر پیدا کریں۔ محمود الزہار نے آخر میں مختلف ممالک کے اندر اسلامی سرگرمیوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کئے جانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی خطے کے اندر حاصل ہونے والی کامیابی، تمام علاقوں کے اندر کامیابی شمار ہوتی ہے۔ واضح رہے کہ چند ہفتے قبل، متحدہ عرب امارات کے مطلق العنان ولی عہد نے امریکی شہ پر غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کا اعلان کر دیا تھا جس کے بعد سعودی شاہی رژیم نے بھی لڑاکا طیاروں سمیت اسرائیل کی تمام پروازوں کو حجاز شریف کی مقدس ہوائی حدود کے بلا روک ٹوک استعمال کی اجازت دیدی تھی۔
خبر کا کوڈ : 884536
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش