0
Wednesday 3 Aug 2011 08:32

روزہ صبر و استقامت اور تزکیہ نفس کا سنہری موقع مہیا کرتا ہے،بشیر بلور

روزہ صبر و استقامت اور تزکیہ نفس کا سنہری موقع مہیا کرتا ہے،بشیر بلور
 پشاور:اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر اور عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر بشیر احمد بلورنے اہل پشاور کو رمضان المبارک کی آمد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ روزہ صبر و استقامت اور تزکیہ نفس کا سنہری موقع مہیا کرتا ہے اور اس ماہ مقدس میں باہمی لڑائی جھگڑوں سے نجات اور روحانی اور جسمانی فوائد کا حصول خوش نصیب لوگوں کا شیوہ ہے انہوں نے اپنے حلقہ نیابت پی کے تھری میں ریکارڈ رکنیت سازی پر پارٹی کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اسی جذبے سے جماعتی کاز کو آگے بڑھائیں گے انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جہاد میں جان و مال کی لازوال قربانیاں دینے کے علاوہ آمریت کے خاتمے، جمہوریت کی بحالی اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے پارٹی ورکروں کی انتھک کوششوں کو بھی سراہا اور یقین دلایا کہ پارٹی قیادت انکی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کرے گی وہ پشاور میں اے این پی سٹی ڈسٹرکٹ کے نائب صدر غلام حسن خان کی زیر قیادت پارٹی کارکنوں اور معززین شہر کے ایک مشترکہ وفد سے باتیں کر رہے تھے۔
اس موقع پر پارٹی ورکروں نے سینئر وزیر کو بتایا کہ انکی ہدایات کی روشنی میں ریکارڈ ممبر سازی کی گئی اور پارٹی کے نئے کارکنوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جو پارٹی کے مرکزی و صوبائی قائدین پر عوام کے بڑھتے اعتماد کا مظہر ہے وفد نے انہیں علاقے کے بعض مسائل و مشکلات سے بھی اگاہ کیا اور انکے ازالے کیلئے تجاویز پیش کیں انہوں نے شہر کی ترقی کیلئے بشیر بلور کی شبانہ روز کوششوں کو سراہتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ بشیر بلور نے واضح کیا کہ 18 ویں ترمیم کے تحت کنکرنٹ لسٹ کا خاتمہ، سترہ سے زائد محکموں کی وسائل سمیت صوبوں کو منتقلی، صوبائی خودمختاری کا حصول، بے نام صوبے کو تاریخی شناخت ملنا، سابقہ آمرانہ دور میں معطل شدہ عدلیہ کی بحالی و فعالیت، پن بجلی منافع کا حصول اور مرکز و چاروں صوبوں کے اتفاق رائے سے ساتویں این ایف سی ایوارڈ پر اتفاق دراصل پوری قوم کیلئے موجودہ جمہوری حکومت کے تحائف ہیں اور ہم قوم کو اسی طرح جمہوریت کے ثمرات سے مستفید کراتے رہیں گے۔ 
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ ترقی کا عمل تیز کیا گیا۔ انہوں نے اپنا یہ عزم دہرایا کہ سماجی اور معاشی لحاظ سے صوبائی دارالحکومت پشاور کی تاریخی عظمت رفتہ بحال کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ دیگر امور کے علاوہ اپنے حلقہ کے ترقیاتی و مقامی امور پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کی مشاورت اور تعاون سے چلانے پر یقین رکھتے ہیں تاہم ان سے بھی یہ توقع رکھنے میں حق بجانب ہیں کہ وہ مشاورت، انصاف اور صداقت کے اصولوں پر سب کو ساتھ لیکر قدم بڑھائیں اور باہمی اتحادو اخوت کی مثالی فضا میں ترقی کا عمل جاری رکھیں بشیر بلور نے کہا کہ عظیم خدائی خدمتگار لیڈر باچا خان نے ہمیں انسانیت کی بے لوث خدمت کا سبق پڑھایا ہے جس پر ہم مرتے دم تک عمل پیرا ہیں مجھے فخر ہے کہ میرے پارٹی ورکر ذاتی مفادات کو پس پشت ڈال کر عوامی فلاح و بہبود کے جذبے سے سرشار اور محبت و ایثار کا جیتا جاگتا ثبوت ہیں جس کی وہ پورے دل و جان سے قدر کرتے ہیں انہوں نے وفد کے پیش کردہ مقامی مسائل پر آبنوشی اور تعلیم و صحت سمیت کئی مسائل کے حل کا یقین دلایا۔
خبر کا کوڈ : 89017
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش