0
Monday 8 Aug 2011 10:27

پیپلز پارٹی نے بھٹو ازم اور اے این پی نے باچا خان اور ولی خان کے فلسفہ سیاست کو دفن کیا ہے، صوبائی رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن)

پیپلز پارٹی نے بھٹو ازم اور اے این پی نے باچا خان اور ولی خان کے فلسفہ سیاست کو دفن کیا ہے، صوبائی رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن)
چارسدہ:اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کے صوبائی رہنما رمضان خان نے کہا ہے کہ الطاف حسین نے صدر زرداری پر ملک توڑنے اور امریکہ نواز پالیسی اپنانے کے الزامات لگا کر حکومت چھوڑ دی مگر چند دِن بعد صدر زرداری کی حامیاں بھلا کر دوبارہ حکومت میں شامل ہوگئے۔ پیپلز پارٹی نے بھٹو ازم اور اے این پی نے باچا خان اور ولی خان کے فلسفہ سیاست کو دفن کیا ہے۔ پاکستان میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں۔ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کیوجہ سے ملک 30 سال پیچھے چلا گیا۔ مشرف نے آئین اور قانون توڑا۔ اُنکے ہاتھ لعل مسجد کے معصوم بچوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی رہنما رمضان خان آف رجڑ نے چارسدہ یونین آف جرنلسٹس کے پروگرام گیسٹ آور میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے قوم کے مفادات کے خلاف امریکہ نواز پالیسیاں اپنا کر پاکستان کو تیس سال پیچھے دھکیل دیا۔
 دوسری طرف میاں نواز شریف نے حکومت کی ملک دشمن پالیسیوں کے خلاف محب وطن قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کی بات کی مگر بدقسمتی سے بعض سیاسی قوتیں حکومت سے نکل کر دوبارہ اقتدار میں شامل ہوگئی۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے صدر زرداری پر ملک توڑنے، امریکہ نواز پالیسی اپنانے اور جمہوریت دشمنی کے الزامات لگاکر حکومت سے علیحدگی اختیار کی مگر چند دِن بعد اُنکی ساری خامیاں بھلا کر دوبارہ حکومتی کشتی میں سوار ہوگئے۔ اُنہوں نے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی، اے این پی اور ایم کیو ایم لاشوں پر سیاسی دکان چمکا رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ق) او ر پیپلز پارٹی کے اتحاد کے حوالے سے مسلم لیگی رہنما نے کہا کہ ق لیگ نے مونس الٰہی کو چھڑانے اورصدر زرداری نے پیپلز پارٹی کی حکومت بچانے کیلئے غیر فطری اتحاد کیا ہے جس کا نزلہ قوم پر گرے گا اور اس کے منفی نتائج اور اثرات بھی قوم کو بھگتنا ہونگے۔
 اُنہوں نے کہا کہ قاتل لیگ اور چور اپنے مفادات کیلئے اکھٹے ہوچکے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے بھٹو ازم اور اے این پی نے باچا خان اور ولی خان کا فلسفہ سیاست دفن کیا ہے۔ اے این پی نے پشتون قوم کو کھوکھلے نعروں سے بے وقوف بناکر ووٹ لیا مگر اقتدار میں آکر اے این پی بھی امریکہ کی گود میں بیٹھ گئی۔ اے این پی نے پشتون قوم سے خوشنما اور پر فریب نعروں پر ووٹ لیا مگر اقتدار میں آکر پشتون قوم کو دہشت گردی کا تحفہ دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان عالمی برادری میں تنہارہ گیا اور حکمرانوں کی کرتوتوں کی وجہ سے پوری دنیا میں قوم کی تذلیل ہورہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوام کے مسائل اور ایشوز کی سیاست کرتی ہے۔ پارٹی کے اندر تنظیمی اختلاف کے حوالے سے اُنہوں نے کہا کہ پارٹی کے اندر کوئی اختلافات نہیں۔ چھوٹے موٹے اختلافات جمہوریت کا حسن ہوتا ہے۔ رمضان خان نے ا قبال ظفر جھگڑا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ موصوف دن رات پارٹی کی تنظیمی اُمور کے حوالے سے متحرک ہیں اور اُن کی کوششوں سے پارٹی کے تنظیمی مسائل حل ہورہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف اور اقبال ظفر جھگڑا کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) آئندہ الیکشن میں واضح کامیابی حاصل کریگی۔ اُنہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے اپنے دور اقتدار میں امریکہ اور یورپی ممالک کا دباؤ اور لالچ مسترد کرکے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا۔ سابقہ صدر مشرف کے حوالے سے اُنہوں نے کہا کہ ڈکٹیٹر مشرف نے آئین توڑ کر ملک سے غداری کی۔ اُن کے ہاتھ لال مسجد کے معصوم بچوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں اُن کو ہر حال میں پاکستان لاکر قانون کا سامنا کرنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 90180
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش