1
1
Monday 3 May 2021 05:04
قدس فورس کے بارے میں بعض حکام کی باتیں تعجب خیز اور افسوسناک ہیں

قدس فورس پسپائی پر مبنی سفارت کاری روکنے والا سب سے مؤثر عنصر ہے، آیت اللہ خامنہ ای

قدس فورس نے مغربی ایشیا میں ایران کی خود مختار پالیسی اور پروقار سیاست کو وجود عطا کیا
قدس فورس پسپائی پر مبنی سفارت کاری روکنے والا سب سے مؤثر عنصر ہے، آیت اللہ خامنہ ای
اسلام ٹائمز۔ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب کی قدس فورس کو مغربی ایشیا میں پسپائی پر مبنی سفارت کاری کا سلسلہ روکنے والا سب سے مؤثر عنصر قرار دیتے ہوئے زور دیکر کہا کہ قدس فورس نے علاقے میں اسلامی جمہوریہ کی خود مختار اور پروقار پالیسی کو وجود عطا کیا۔ یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام، یوم محنت کشاں اور یوم استاد کی مناسبت سے رہبر انقلاب اسلامی نے ٹیلی ویژن پر براہ راست نشر والی اپنی تقریر میں اسلامی جمہوریہ ایران میں قدس فورس کے کردار کے بارے میں کہا کہ ان دنوں ملک کے بعض حکام سے ایسی باتیں سننے میں آئیں جو تعجب خیز اور افسوس ناک ہیں، ہم نے سنا کہ اسلامی جمہوریہ کے دشمن اور مخالف ذرائع ابلاغ نے ان باتوں کو نشر کیا۔

آیت اللہ خامنہ ای نے فرمایا کہ انسان یہ باتیں سن کر واقعی افسوس کرتا ہے، ان میں بعض باتیں دشمن کی معاندانہ باتیں ہیں، امریکہ کی باتوں کو دہرایا گيا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی تو برسوں سے علاقے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے اثر و رسوخ سے ناراض اور پریشان ہیں، اسی وجہ سے قدس فورس سے ناراض ہیں، اسی وجہ سے شہید سلیمانی سے بھی ناراض تھے اور اسی وجہ سے انہوں نے شہید سلیمانی کو شہید کیا، جو چیز بھی علاقے میں اسلامی جمہوریہ کے فکری اثر و رسوخ کا سبب بنے وہ ان کی نظر میں بری ہے۔ آیت اللہ خامنہ ای نے یاد دہانی کرائی کہ ملکی پالیسی کے پروگرام گوناگوں اقتصادی، عسکری، سماجی، علمی، ثقافتی پروگراموں نیز سفارتی روابط اور خارجہ تعلقات کا مجموعہ ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ساری چیزیں مل کر کسی ملک کی پالیسی کے خدوخال طے کرتی ہیں،سارے شعبوں کو باہمی ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنا ہوتا ہے اور ایک ساتھ آگے بڑھنا ہوتا ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی کا کہنا تھا کہ اگر ایک شعبہ دوسرے شعبے کی نفی کرے اور دوسرا شعبہ اس پہلے شعبے کی نفی کرے تو یہ بے معنی ہے، یہ بہت بڑی غلطی ہے جو اسلامی جمہوریہ کے عہدیدار سے، اسلامی جمہوریہ کے عہدیداران سے سرزد نہیں ہونی چاہیئے۔ آیت اللہ خامنہ ای نے قدس فورس کے کردار کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ واقعی قدس فورس مغربی ایشیا میں پسپائی پر مبنی سفارت کاری کا سلسلہ بند کرنے والا سب سے مؤثر عنصر ہے، قدس فورس نے مغربی ایشیا میں اسلامی جمہوریہ کی خود مختار پالیسی اور اسلامی جمہوریہ کی پروقار سیاست کو وجود عطا کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مغربی طاقتوں کی ضد ہے کہ ملک کی خارجہ پالیسی کا رجحان ان کی طرف ہو اور وہ ان کے پرچم تلے آگے بڑھے وہ بھی فرمانبرداری کی شکل میں، کیونکہ برسوں تک یہی صورت حال تھی۔ آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا کہ قاجاریہ دور کے اواخر میں بھی اور اور پہلوی حکومت کی طولانی مدت کے دوران بھی ایران مغرب کی سیاست کے زیر تسلط تھا، اسلامی انقلاب نے ایران کو مغرب کے قبضے سے باہر کھینچ لیا جس کے بعد ان چالیس برسوں میں مغربی ممالک، یورپ اور امریکہ نے مستقل یہ کوشش کی کہ اس ملک پر ان کا پرانا تسلط بحال ہوجائے، اسی لئے آپ دیکھتے ہیں کہ اسلامی جمہوریہ جب چین، روس اور اپنے ہمسایہ ممالک سے سیاسی و اقتصادی روابط قائم کرتا ہے تو انہیں بہت غصہ آتا ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ وہ ہمارے کمزور ہمسایہ ممالک پر دباؤ ڈالتے ہیں اور انہیں روکتے ہیں، ان چیزوں کا ہم خود مشاہدہ کرتے رہے ہیں۔ رہبر انقلاب اسلامی نے مزید کہا کہ مجھے ایسی کئی مثالیں یاد ہیں کہ جب ہمارے ہمسایہ ممالک کے اعلیٰ رتبہ حکام ایران کا سفر کرنا چاہتے تھے اور امریکیوں نے جاکر ان کا دورہ کینسل کروا دیا۔ آیت اللہ العظمی خامنہ ای کا کہنا تھا کہ مغربی طاقتیں ایران کی ہر طرح کی سفارتی سرگرمیوں کے خلاف ہیں لیکن اسلامی جمہوریہ ایران ان کی اس خواہش کو دیکھ کر پسپائی اختیار نہیں کرسکتا، ہمیں خودمختاری کے ساتھ، باعزت طریقے سے اور پوری محنت اور بھرپور توانائی سے کام کرنا ہے اور علاقے میں یہی کام قدس فورس نے کیا ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے اس نکتے کا بھی ذکر کیا کہ دنیا میں کہیں بھی خارجہ پالیسی وزارت خارجہ میں وضع نہیں کی جاتی بلکہ ساری دنیا میں خارجہ پالیسی وزارت خارجہ سے بالاتر ادارے وضع کرتے ہیں اور  ہمارے ملک میں وہ بالاتر ادارہ قومی سلامتی کی سپریم کونسل ہے، ان بالاتر اداروں میں ملک کے اعلی رتبہ حکام موجود ہوتے ہیں اور ملک کی خارجہ پالیسی وضع کرتے ہیں۔ رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ بے شک خارجہ پالیسی طے کرنے میں وزارت خارجہ کی بھی شرکت ہوتی ہے لیکن ایسا نہیں ہے کہ فیصلے وزارت خارجہ کی سطح پر ہوتے ہوں، نہیں، وزارت خارجہ پر اجراء کی ذمہ داری ہوتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 930410
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

Pakistan
لبیک خامنہ ای
سلام بر شہید سلیمانی
مرگ بر منافقین
ہماری پیشکش