0
Saturday 20 Aug 2011 17:03

یوم القدس حق و باطل کی پہچان کا دن ہے، رحمان شاہ

یوم القدس حق و باطل کی پہچان کا دن ہے، رحمان شاہ
کراچی:اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر رحمان شاہ نے دیگر رہنماؤں علی رضا، محمد منہال اور رضا مشہدی کے ہمراہ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوم القدس اسلام کی حیات کا دن ہے، یہ فلسطین کا نہیں بلکہ اسلام کا اور اسلامی حکومت کا دن ہے نیز حق و باطل کی پہچان کا دن ہے۔ گذشتہ سال کی طرح امسال بھی جمعتہ الوداع یوم القدس با فرمان امام خمینی شایانِ شان طریقے سے منایا جائے گا، اس سلسلے میں آئی ایس او کے تحت ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں، جلسے اور کانفرنسز منعقد کی جائیں گی، جبکہ مرکزی القدس ریلی پچیس رمضان المبارک کراچی میں نمائش چورنگی سے 3 بجے سہ پہر نکالی جائیگی، ریلی کا اختتام تبت سینٹر پر کیا جائے گا جہاں اختتامی جلسہ منعقد ہوگا، ریلی میں مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام، نامور شخصیات، طلبہ تنظیموں کے رہنماء بھی شرکت کریں گے، ریلی میں اسکاؤٹس کے مختلف دستے القدس پریڈ پیش کریں گے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ کوئٹہ میں بھرپور انداز میں اُسی جوش و جذبہ کے ساتھ القدس ریلی نکالی جائے گی، کوئٹہ کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گذشتہ برس القدس ریلی میں شہید ہونے والے شہداء عظیم افراد تھے، جن میں صحافی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل تھے، ان عظیم لوگوں کے لئے قائد حزب اللہ سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ یہ شہداء کوئٹہ کے شہداء نہیں بلکہ قدس کے شہداء ہیں، حماس کے رہنماء خالد مشعل نے بھی ان شہداء کو فلسطین میں اسرائیل سے لڑنے والوں کے ہمراہ شہید ہونے سے تشبیہ دی ہے، لہذا ہم اُن تمام شہداء القدس کو سلام پیش کرتے ہوئے ان سے عہد کرتے ہیں کہ شہداء کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
رحمان شاہ نے پاکستان میں جاری حالیہ دہشت گردی بالخصوص کراچی میں ہونے والی پے در پے ٹارگٹ کلنگ کا ذمہ دار امریکہ کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزارت داخلہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے یوم علی ع اور یوم القدس پر ملک بھر میں نکالے جانے والے تمام چھوٹے بڑے جلسے جلوسوں کی سیکورٹی کو یقینی بنائیں، مرکزی صدر نے کہا کہ پاکستان میں گذشتہ مہینوں سے امریکی سفیر کی خفیہ سرگرمیاں تشویشناک ہیں، لہذا حکمرانوں سے اپیل ہے کہ امریکی سفیر کی مشکوک سرگرمیوں کا فوری نوٹس لیا جائے اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق فرائض انجام دینے پر پابند کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 93262
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش