0
Monday 22 Aug 2011 22:28

معمر قذافی کے اقتدار سے رخصتی پر مذاکرات شروع ہو گئے

معمر قذافی کے اقتدار سے رخصتی پر مذاکرات شروع ہو گئے
طرابلس:اسلام ٹائمز۔ معمر قذافی کے اقتدار سے رخصتی پر مذاکرات شروع ہو گئے جبکہ مخالفین نے شہر کے 80 فیصد حصے پر قبضہ کر لیا ہے۔ باب العزیزیہ میں معمر قذافی کی رہائش گاہ کے قریب شدید لڑائی جاری ہے۔ عالمی عدالت نے مخالفین سے معمر قذافی کے بیٹوں کی حوالگی کا مطالبہ بھی کر دیا ہے۔ طرابلس کے علاقے باب العزیزیہ میں معمر قذافی کی رہائش گاہ کے قریب شدید لڑائی جاری ہے، جہاں سرکاری فوجیں معمر قذافی کے اقتدار کا دفاع کر رہی ہیں۔ عرب ٹی وی کے مطابق معمر قذافی کی اقتدار سے پرامن رخصتی پر بات چیت جاری ہے جبکہ مخالفیں اب تک یہ تصدیق نہیں کر سکے کہ آیا معمر قذافی بھی یہیں موجود ہیں یا نہیں۔ 
گزشتہ رات سے جاری جشن کے بعد ایک بار پھر معمر قذافی کے حامیوں نے سڑکوں پر مقابلہ شروع کر دیا ہے،جس میں متعدد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ عرب ٹی وی کے مطابق شہر کا 90 فیصد علاقہ مخالفین کے کنٹرول میں تھا مگر پھر قذافی کی فوج نے کوشش کر کے باب العزیزیہ سے ملحقہ علاقوں پر دوبارہ قبضہ کر لیا ہے۔ مخالفین نے شہر کے مرکزی چوک کا نام تبدیل کر کے شہدا چوک رکھ دیا ہے۔ معمر قذافی کے دونوں بیٹے سیف السلام اور محمد مخالفین کی حراست میں ہیں۔ عالمی عدالت نے مخالفین سے ان کی حوالگی کا مطالبہ بھی کر دیا ہے۔ مخالفین کے رہنما مصطفٰی عبدالجیل کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ قذافی کو حراست میں لے کر ان کیخلاف مقدمہ چلا کر سزا دی جائے گی۔ معمر قذافی کے ترجمان نے دعویٰ کیا تھا کہ حملوں میں 1300 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ مخالفین کا کہنا ہے کہ اب تک طرابلس میں بےانتہا جانی نقصان ہو چکا ہے اور فی الحال ان کے پاس مکمل اعداد و شمار نہیں ہیں۔ نیٹو اور امریکا نے معمر قذافی سے فوری طور پر اقتدار چھوڑنے کا مطالبہ کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 93763
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش