0
Tuesday 23 Aug 2011 18:30

سنی اتحاد کونسل نے جمعتہ الوداع کو ’’یوم امن‘‘ کے طور پر منانے کا اعلان کر دیا

سنی اتحاد کونسل نے جمعتہ الوداع کو ’’یوم امن‘‘ کے طور پر منانے کا اعلان کر دیا
لاہور:اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور قومی اسمبلی کے رکن صاحبزادہ فضل کریم نے 26 اگست کو ملک بھر میں جمعتہ الوداع کو ’’یوم امن‘‘ کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے۔ اس بات کا اعلان صاحبزادہ فضل کریم نے لندن سے مرکزی سیکرٹری اطلاعات محمد نواز کھرل سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ کراچی آگ اور خون کے دریا میں بدل چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کا امن تباہ کرنا عالمی گریٹ گیم کا حصہ ہے، اس لیے ملک دشمن سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام ریاستی ادارے مشترکہ ایکشن پلان تیار کریں۔
صاحبزادہ فضل کریم نے تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کے سربراہوں سے ملک و قوم اور انسانیت کے نام پر اپیل کی ہے کہ وہ ملک بچانے اور کراچی کا امن بحال کرنے کے لیے اپنی اپنی جماعتوں کو جرائم پیشہ قانون شکن عناصر سے پاک کریں اور مجرموں کی پشت پناہی چھوڑ دیں۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے مزید کہا کہ بھتہ کی لڑائی اور قبضوں کی جنگ میں کراچی کی ساری بڑی جماعتیں ملوث ہیں، انہیں خدا کا خوف کرنا چاہیے اور ذاتی اور پارٹی مفاد کی بجائے شہر کے امن کو ترجیح دینی چاہیے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جمعتہ الوداع کو سرکاری سطح پر یوم امن منانے کا اعلان کریں اور تمام حکمران طبقہ جمعتہ الوداع کے موقع پر غرور اور تکبر کو چھوڑ کر اللہ کے سامنے جھک جائے اور توبہ کرے کیونکہ بدامنی کی ایک وجہ اللہ کی ناراضگی بھی ہے۔ 
دریں اثناء سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام ملک بھر میں امیر المؤمنین، شیر خدا حضرت علی(ع) کا یوم شہادت جوش و خروش اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلہ میں تمام چھوٹے بڑے شہروں میں حضرت علی (ع) کی یاد میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ اس سلسلہ میں مرکزی تقریب حق باہو ہاؤس شاہدرہ میں منعقد ہوئی، جس سے سنی اتحاد کونسل کے مرکزی چیف آرگنائزر پیر سید محمد صفدر شاہ گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت علی (ع) کا فلسفۂ حکومت عدل کی بالادستی اور اعلیٰ انسانی اقدار کا تحفظ تھا اور ان کی زندگی کا نصب العین دین کی سربلندی اور عدل و مساوات کا قیام تھا، حضرت علی(ع) نے بہادری اور شجاعت کی بہترین مثالیں قائم کیں۔
یوم علی (ع)کے اجتماعات سے پیر سید محفوظ مشہدی، سردار محمد خان لغاری، محمد نواز کھرل، صاحبزادہ نعیم عارف نوری، صاحبزادہ شاہد گردیزی، علامہ نعیم جاوید نوری، مفتی محمد حسیب قادری، مفتی محمد کریم خان، پیر خادم حسین شرقپوری، مفتی سید مزمل حسین شاہ، نے بھی مختلف مقامات پر خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 93978
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش